اسٹیبلشمنٹ سے سودے بازی کا الزام مسترد،ن لیگ کو اپنی شرائط پر ووٹ دینگے: بلاول بھٹو

اسلام آباد :(بیورو رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اقتدار کیلئے اسٹیبلشمنٹ سے سودے بازی کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے بغیر ثبوت کے الزام نہ لگایا جائے، حکومت سازی کیلئے موقف پر قائم ہیں، مسلم لیگ (ن) کو اپنی شرائط پر ووٹ دیں گے، بھٹو ریفرنس کیس عدلیہ کا امتحان ہے، امید ہے جلد انصاف ملے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہااپنی مہم کے مطابق چل رہا ہوں، الیکشن جیت جاتا اور اکثریتی جماعت ہوتا تو کہہ سکتا تھا میرا مینڈیٹ ہے لیکن عوام کی دانشمندی و شعور دیکھیں کسی ایک جماعت کو اکثریت ہی نہیں دی ،عوام نے پیغام دیا ملک ایک جماعت نہیں چلاسکتی، آپس میں بیٹھ کر فیصلہ سازی کریں، عوام کہہ رہے ہیں حکومت کرنےوالوں کو دوسرے لوگوں کےساتھ ملنا پڑے گا۔

چیئرمین پی پی نے کہاحقیقت میں عوام نے ایسا فیصلہ دیا جس پر اب مجبوراً تمام سٹیک ہولڈرز سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر اتفاق کرنا پڑے گا تاکہ نہ صرف اپنی جمہوریت بلکہ پارلیمانی نظام، معیشت اور وفاق کو بچاسکیں،سیاسی جماعتیں اتحاد بناتی ہیں تو کسی کے کچھ پوائنٹس مانے جائیں گے ،پوری کشمکش میں واحد طریقہ ڈائیلاگ و کمپرومائز ہے، حکومت سازی کے عمل میں تاخیر سے سیاسی استحکام پر سوالات اٹھ رہے ہیں، جتنی جلدی حکومت سازی کا عمل مکمل ہوجاتا اتنا بہتر ہوتا۔

بلاول بھٹو نے کہا پی ٹی آئی مذاکرات کیلئے تیار نہیں،پاس آنے والوں سے بات کریں گے، حکومت سازی کےلئے اپنے موقف پر قائم ہیں ،کسی اور نے اپنا موقف تبدیل کرنا ہے تو پیشرفت ہوسکتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ اپنی شرائط پر دیں گے، مسلم لیگ (ن) کی شرائط پر ووٹ کیسے دوں؟ مشاورتی کمیٹیاں سست روی کا شکار ہیں، غیرسنجیدگی کا نقصان پاکستان و جمہوریت کو ہو رہا ہے ،جتنی جلدی معاملہ حل ہو سیاسی استحکام و آنےوالی حکومت کےلئے بہتر ہوگا، پیپلز پارٹی کو کوئی جلدی نہیں اگر کوئی اپناموقف تبدیل کرنے کو تیار نہیں تو نظر آنے والا بہت خطرناک تعطل جمہوریت، معیشت اور سیاسی استحکام کےلئے فائدہ مند نہیں ہوگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاجدوجہد ایک دن پر مبنی نہیں ہوتی، بھٹو کا عدالتی قتل آمریت کے دور میں ہوا، چیف جسٹس صاحب نے خود کہا تھا بھٹو ریفرنس کیس عدلیہ کا امتحان ہے، عدالتی قتل ہوا، امید ہے جلد انصاف ملے گا، نہیں کہہ سکتے پرانی بات ہوگئی، ججز انصاف کرکے داغ دھوئیں گے ، بھٹو ریفرنس نے موقع فراہم کردیا، بیٹی کو نہ ملنے والا انصاف نواسے کو ضرور ملے گا، صدارتی ریفرنس کے ذریعے تاریخ درست کرنے میں مدد ملے گی۔

اقتدار کیلئے اسٹیبلشمنٹ سے سودے بازی کا الزام مسترد کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا فضل الرحمن کے مطابق کوئی ملاقات کی بھی تو آئین و جمہوریت پربات کی تھی، صحافی کے سوال پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا آپکے پاس کیا ثبوت ہے میں نے اسٹیبلشمنٹ سے سودے بازی کی تھی؟ بغیر ثبوت کے الزام نہ لگایا جائے،مولانا یا کوئی بات کرے تو پوچھیں اگر میری ملاقات ہوئی بھی توکیا میں نے جمہوریت، آئین پر بات کی یا سودے بازی کی؟۔

دوسری جانب ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی میں معاملات جلد طے پا جائیں گے،کابینہ کا حصہ نہیں بنےں گے، امید ہے بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی کی حمایت کریگی، کابینہ کاحصہ نہ بننے کیلئے پارٹی کابہت پریشر ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا مسلم لیگ (ن) کےساتھ 16 ماہ اتحادکا تجربہ کچھ اچھا نہیں رہا، چاہتے ہیں ماضی کے مسائل اب مستقبل میں نہ ہوں۔ 3، 2 سالہ وزیر اعظم بننے والا کوئی فارمولہ زیر غور نہیں،آئینی عہدوں کےلئے الیکشن لڑنا جمہوری حق ہے، قیادت جلد وزیر اعلیٰ سندھ کے نام کو فائنل کردیگی۔