حکومت سازی کے معاملات آج یا کل طے پاجائینگے لیکن حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے: ترجمان پی پی

لاہور (مشرق نیوز) پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا فیصلہ ہے کہ ہم حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے۔ میڈیا سے گفتگو میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان آج یا کل تک معاملات طے پا جائیں گے، مسلم لیگ (ن) کے ساتھ 16 ماہ اتحاد کرنے کا تجربہ کچھ اچھا نہیں رہا، چاہتے ہیں کہ ماضی میں جو مسائل رہے اب مستقبل میں نہ ہوں۔

انہوں کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے منشور میں فرق ہے، پیپلز پارٹی کا منشور اس وقت نافذ ہوگا جب وزیراعظم انکی پارٹی سے ہوگا، 3 سال اور 2 سال وزیراعظم بننے والا بھی کوئی فارمولا نہیں چلے گا۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم پر پارٹی کا بہت زیادہ پریشر ہے کہ کابینہ کا حصہ بھی نہ بنیں اور پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا فیصلہ ہے کہ ہم حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے جبکہ آئینی عہدوں کیلئے الیکشن لڑنا ہمارا جمہوری حق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیادت بہت جلد وزیراعلیٰ سندھ کے نام کو فائنل کردے گی۔