ریپ ملزموں کو سرعام پھانسی دینے کا بل مسترد، قرآن پاک کے مطالعہ، ایم فل، پی ایچ ڈی نصاب پر نظرثانی کی قرارداد منظور

اسلام آباد(بیورورپورٹ) ریپ ملزمان کو سرعام پھانسی دینے سے متعلق بل سینٹ سے مسترد کر دیا گیا، 14 ارکان نے سرعام پھانسی کے سزا کے حق جبکہ 24 نے مخالفت میں ووٹ دیا،جماعت اسلامی کی جانب سے جنسی زیادتی پر سرعام پھانسی کا بل سینٹ میں پیش کیا گیا جس کی پیپلز پارٹی، ن لیگ اور نیشنل پارٹی سمیت دیگر جماعتوں نے مخالفت کی جبکہ جماعت اسلامی، ق لیگ، جے یو آئی (ف) اور پی ٹی آئی کے بیشتر سینیٹرز نے بل کی حمایت کی،پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے کہا سرعام پھانسی ملک میں بربریت پھیلاتی ہے اور پیپلز پارٹی نے ریپ پر سزائے موت کی مخالفت کی تھی، پولیسنگ بہتر کریں نہ کہ سزائے موت کے قوانین،انہوں نے کہا سزائے موت میں دنیا میں پاکستان کا پانچواں نمبر ہے، سر عام پھانسی اکیسویں صدی کے معاشرے کو زیب نہیں دیتا، سر عام پھانسی سے کرائم نہیں رکے گا،مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے بھی سرعام پھانسی سے متعلق قانون کی مخالفت کرتے ہوئے کہا پھانسی کو پھانسی گھاٹ تک رکھا جائے۔ قائد ایوان اسحاق ڈار نے کہا قانون میں سزائے موت موجود ہے اس لیے سرعام پھانسی کی مخالفت کرتے ہیں،پی ٹی آئی نے بھی ریپ ملزمان کو سرعام پھانسی کی مخالفت کر دی، بیرسٹر علی ظفر نے کہا موجودہ قانون میں سخت سزا سزائے موت ہے جس کی حمایت کرتے ہیں، سرعام پھانسی کی مخالفت کرتے ہیں، سزائیں سرعام اور سڑکوں پر ہونے کے بجائے نظام انصاف کو بہتر بنانے پر کام ہونا چاہیے،بل کی حمایت کرنے والے ق لیگ کے سینیٹر کامل علی آغا نے کہا امریکہ میں انجکشن لگا کر سزائے موت کے بعد ویڈیو جاری کی جاتی ہے اور سعودی عرب میں سرعام سر قلم کیا جاتا ہے، اگر مسلمان ہیں تو مو¿قف درست ہونا چاہیے لیکن دنیا میں کیا ہو رہا ہے یہ اہم نہیں اسلام کیا کہتا ہے یہ اہم ہے،پی ٹی آئی کے دوسرے سینیٹر حمایو مہمد نے ریپ ملزموں کو سرعام پھانسی کی حمایت کر دی، سینیٹر حمایو مہمند نے کہا جن ممالک میں سرعام سزائیں ہیں وہاں جرائم کم ہیں، جہاں ہاتھ کاٹے جاتے ہیں وہاں چوری بھی کم ہیں مزید برآں سینٹ میں قرآن پاک کے مطالعہ اور ایم فل، پی ایچ ڈی نصاب پر نظرثانی کی سینیٹر عبدالقادر کی قرارداد منظور کر لی گئی،سینیٹر عبدالقادری نے کہا حقیقت ہے قرآن مجید ایک عالمگیر کتاب ہے، یہ کتاب انسانیت کیلئے مستقل رہبری کا ذریعہ ہے، ہر مسلمان پر واجب ہے کہ قرآن مجید کا مطالعہ کرے، سینیٹر نے مزیدکہا پاکستان کی تمام یونیورسٹیوں میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے نصاب پر نظرثانی کی جائے۔