عوام نے منقسم مینڈیٹ دیا،پرتشدد ٹرولرز کو مثالی سزائیں یقینی بنائیں گے:وزیر اعظم

اسلام آباد(بیورورپورٹ)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے پاکستان کے عوام نے 8 فروری کو حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے منقسم مینڈیٹ دیا، پرتشدد رویوں کا ریکارڈ رکھنے والے کچھ عناصر سرکاری ملازمین کو بلیک میل کرنے اور ریاست پاکستان سے ان کی وفاداری ہٹانے کےلئے ان پر دباﺅ ڈالنے کےلئے سوشل میڈیا کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے سمیت مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں، ریاست پاکستان اپنے آئینی فرائض کی انجام دہی میں سرکاری ملازمین کا دفاع کرے گی اور ان پرتشدد ٹرولز کےخلاف کارروائی کرے گی اور ان کو مثالی سزا دلائے گی، وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا ہتھکنڈے آرٹیکل 5 سمیت آئین کے دیگر آرٹیکلز اور ملکی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں، ریاست پاکستان اپنی آئینی ذمہ داریوں کی انجام دہی کےلئے سرکاری ملازمین کا دفاع کرےگی، پاکستان کے عوام اور ریاست کی خدمت کرنے والے ان عظیم سرکاری ملازمین کے دفاع کےلئے ہمارے عزم میں کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے۔