اسلام آباد (مشرق نیوز) بانی پی ٹی آئی نے وکلا اور پارٹی رہنماوں سے ملاقات کی اجازت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل شیر افضل مروت نے عدالت میں درخواست دائر کی جس میں سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا کہ عدالتی احکامات کے باوجود وکلا اور پارٹی رہنماوں کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا جا رہا، وکلا کو دستاویزات تو دور کی بات، ایک صفحہ تک اڈیالہ جیل کے اندر نہیں لیکر جانے دیا جاتا، بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی ملاقات کے دوران پرائیویسی بھی فراہم نہیں کی جاتی۔
درخواست گزار کے مطابق اڈیالہ جیل انتظامیہ کی جانب سے وکلا کی دستاویزات کو قبضے میں لے لیا جاتا ہے اور 24 گھنٹے بعد واپس کیا جاتا ہے۔ بانی پی ٹی آئی شہریار آفریدی، شاندانہ گلزار، اسد قیصر اور فیض الرحمن سے سیاسی مشاورت کیلئے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت اڈیالہ جیل انتظامیہ کو بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی اکیلے میں ملاقات کا حق فراہم کرنے کے احکامات جاری کرے، عدالت بانی پی ٹی آئی کی وکلا اور پارٹی رہنماوں سے ملاقات کی اجازت دینے کے احکامات جاری کرے۔
عمران خان کا وکلا اور پارٹی رہنماوں سے ملاقات کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع
















