پی ٹی آئی کو دھچکا،جماعت اسلامی کا حکومت سازی میں تعاون سے انکار

اسلام آباد،پشاور،کوئٹہ:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی کو دھچکا،جماعت اسلامی نے خیبر پختونخوا میں حکومت سازی کےلئے تعاون سے انکار کر دیا۔

مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہافیصلہ کیا ہے پی ٹی آئی کےساتھ تعاون نہیں کر سکتے،پی ٹی آئی سے بات چیت وفاقی اور صوبائی دونوں سطح پرتھی لیکن وفاقی سطح پر کسی اور جماعت کےساتھ اتحاد کیا گیا اس لیے صرف خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی سے اتحاد کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہاجماعت نے طے کیا تھا اشتراک قومی مفاد میں ہو گا تاہم پی ٹی آئی نے موقف تبدیل کیا،پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں بھی جس جماعت سے چاہے اپنے معاملات طے کر لے، جماعت اسلامی کو خوشی ہو گی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر علی سیف نے کہا صوبائی اسمبلی میں جماعت اسلامی کی نمائندگی نہیں رہی ،اب ساتھ ملکر حکومت بنانے کا کوئی جواز نہیں، جماعت اسلامی کےساتھ صرف کے پی میں حکومت سازی پر بات چیت چل رہی تھی،حکومت سازی کےلئے قانونی طریقہ کار کو دیکھاجا رہا ہے۔

دریں اثنا جمعیت علمائے اسلام (شیرانی گروپ)نے پی ٹی آئی کو تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کر دی،مرکزی ترجمان جے یو آئی شیرانی گروپ شجاع الملک نے بیان میں کہا شیرانی صاحب کی جماعت کے ہوتے ہوئے پی ٹی آئی کو کسی اور کی ضرورت نہیں،ہمارا پلیٹ فارم پی ٹی آئی کےلئے موجود ہے، پی ٹی آئی کےساتھ اتحاد خالص حقیقی آزادی کےلئے ہے۔