گارنٹی پر ن لیگ نے اقتدارکی حامی بھری،جلد حکومت سازی پر اتفاق

اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)ن لیگ نے مدت پوری ہونے کی واضح گارنٹی ملنے پر حکومت سنبھالنے کی حامی بھری،پی پی،ن لیگ کے درمیان شراکت اقتدار فارمولے کی اندورنی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ نے واضح گارنٹی کے بعد وفاقی حکومت لینے کی حامی بھری،پیپلزپارٹی صدارت لینے کے بعد تحریک عدم اعتماد نہیں لائے گی،5 سال بلا رکاوٹ و عدم اعتماد کے حکومتی مدت پوری ہونے کی گارنٹی دی گئی، وزیر اعظم کی مدت کو پورا کرایا جائے گا،مفاہمتی فارمولے میں معاشی چارٹر کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا،ن لیگ بلوچستان میں بننے والی حکومت کو سپورٹ کرے گی۔

دریں اثنا پیپلز پارٹی کی جانب سے آئینی عہدوں کےلئے (ن) لیگ سے ڈیل نہ کرنے کا امکان ہے،صدر مملکت، چیئرمین سینٹ وسپیکر قومی اسمبلی کےلئے اپنے امیدوار لائے گی،ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں شمولیت کےلئے حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کی کمیٹیاں فیصلہ کریں گی،پی پی قیادت کاموقف ہے پہلے مرحلے میں وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں بنےں گے ،دوسرے مرحلے میں شمولیت کاامکان ہے۔

ادھر ن لیگ،ایم کیو ایم کے درمیان بات چیت کی اندرونی کہانی سامنے آگئی،ایم کیو ایم ذرائع کے مطابق تمام جماعتوں نے اتفاق کیا پی ٹی آئی انکار کے بعد ن لیگ سب جماعتوں میں اکثریت میں ہے اورملک ایک اور انتخابات کا متحمل نہیں ہو سکتا ،دوران ملاقات ایم کیو ایم پاکستان سے وزارتوں پر کوئی بات نہیں ہوئی،خالد مقبول صدیقی نے کہاوزارتوں و دیگر معاملات پر حکومت بننے کے بعد بات چیت ہوگی۔

دوسری جانب نواز شریف ،شہباز شریف کی اہم ملاقات ہوئی ،صدر ن لیگ نے مختلف اتحادیوں سے ہونےوالی ملاقاتوں پر بریفنگ دی،ملاقات میں متوقع وفاقی کابینہ کےلئے اہم افراد کے نام زیر غور آئے،ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں 25رکنی کابینہ بنائے جانے کا امکان ہے ،ایم کیو ایم کو 3 سے 5 وفاقی وزارتیں دی جاسکتی ہیں۔

اسحاق ڈار، ایاز صادق، خواجہ آصف، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، عطاتارڑ، شزا خواجہ، ریاض الحق جج، بلال اظہر کیانی، ڈاکٹر طارق فضل چودھری، راجہ قمر السلام اور رانا تنویر کے نام وفاقی وزیر کےلئے زیر غور ہیں،استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چودھری کو وزیراعظم کا معاون خصوصی بنائے جانے کا امکان ہے۔

مزید برآںحکومت سازی کےلئے ن لیگ،پیپلز پارٹی کے رہنماو¿ں پر مشتمل کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا ،کمیٹی نے اتفاق کیا جلد سے جلد حکومت سازی کیلئے عمل کو مکمل کیا جائے، کمیٹی مشاورت سے مرتب کردہ تجاویز قائدین کو پیش کی جائیں گی اورسفارشات کی روشنی میں حتمی فیصلہ ہوگا۔

شرکا نے اتفاق کیا مستحکم جمہوری حکومت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پاکستان کو درپیش معاشی، سیاسی، امن و امان اور دہشت گردی جیسے چیلنجز کا حل نکالا جا سکے اور عوام کو مہنگائی، بےروزگاری، عدم تحفظ کے عفریت سے نجات ملے،آج ایک اور مشاورتی سیشن ہوگا۔