لاہور ،اسلام آباد:(کرائم رپورٹر،کورٹ رپورٹر)پولیس نے نامزد وزیراعلیٰ کے پی گنڈا پور سمیت 9مئی کے اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے حکمت عملی تیار کرلی۔
ذرائع جے یوآئی ٹی کے مطابق حالیہ الیکشن کے کامیاب امیدوار میاں اسلم اقبال ، علی امین گنڈا پور، امتیاز شیخ 9 مئی واقعات میں لاہور پولیس کو مطلوب ہیں ،عدالت نے ملزموں کو اشتہاری قراردیا،جے آئی ٹی کے مطابق اشتہاریوں کے روابط کا تعین کرنے کےلئے جیوفینسنگ ، موبائل ٹریکنگ اور آئی پی ایڈریس ٹریک کر لیے۔
انتخابات میں جیتنے والے اشتہاریوں کی گرفتاری قانون کے مطابق ہوگی ، ملزم انتخابی مہم و نتائج کے دوران مسلسل کارکنوں سے رابطے میں رہے 9 مئی کے مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں کو کٹہرے میں لانے کےلئے کارروائیاں تیز کی جارہی ہیں ، اشتہاریوں کی لوکیشن معلوم کرنے کےلئے ایف آئی اے اور دیگر اداروں کی مدد لی جارہی ہے ، 9مئی مقدمات میں ملوث 22اشتہاری رہنما 282 کارکن تاحال انتہائی مطلوب ہیں۔
دریں اثنا عسکری ٹاور حملہ اور جلاﺅ گھیراﺅ کیس میں عمر سرفراز چیمہ، یاسمین راشد و دیگر پر آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کیے جانے کاامکان ہے،کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت میں ہوئی،عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزموں میں چالان کی کاپیاں تقسیم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 24فروری تک ملتوی کردی۔
ادھر انسداد دہشتگردی عدالت نے احتجاج و توڑ پھوڑ مقدمات میں علی امین گنڈاپور کی استثنیٰ درخواست منظور کرلی ،خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی رخصت کے باعث کارروائی نہ ہوسکی۔
نامزد وزیراعلیٰ گنڈا پور سمیت 9مئی کے اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے حکمت عملی تیار
















