اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے جڑانوالہ واقعہ پر پنجاب حکومت کی رپورٹ مسترد کرکے ریمارکس دئیے کام پورا نہ کرنا ہو تو جے آئی ٹی بنادی جاتی ،رپورٹ دیکھنے کے بعد مجھے شرمندگی ہو رہی ،ردی کی ٹوکری میں پھینکنے کے قابل ہے۔
کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا جڑانوالہ واقعہ کب ہوا اور اب تک کتنے لوگ پکڑے گئے؟ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا جڑانوالہ واقعہ16اگست 2023کو ہوا،22مقدمات درج ،304افراد گرفتار ہوئے۔
جسٹس قاضی فائز نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا 6ماہ میں صرف 18چالان ہوئے؟ دوسری جگہوں پر جا کر اسلاموفوبیا پر ڈھنڈورا پیٹتے ہیں اور خود کیا کر رہے ہیں؟ غیر مسلموں کےساتھ جو سلوک بھارت میں ہو رہا ہے وہ کاپی کرنا چاہتے ہیں؟۔
چیف جسٹس نے کہاپولیس نے اپنی آنکھوں کے سامنے سب جلتا دیکھا؟ جڑانوالہ میں بہادر پولیس کھڑی تماشہ دیکھتی رہی، کیا پاکستان میں پولیس صرف مسلمانوں کے تحفظ کےلئے ہے؟پولیس کا بنیادی فرض عوام کا تحفظ کرنا ہے، پولیس نے کہا بڑی بڑی داڑھیوں والے جتھہ لےکر آ رہے ہیں تو مسیحی شہریوں کےخلاف مقدمہ درج کرو۔
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ نے عدالت کو بتایا ملک بھر میں فعال گرودواروں کی تعداد 19 ہے، چیف جسٹس نے کہا تمام گرودواروں کی تفصیلات اور تصاویر ویب سائٹ پر کیوں نہیں ڈالتے؟،جسٹس قاضی فائز نے حکام کی سرزنش کرتے ہوئے کہا میری بات پر سر سر کیوں کر رہے ہیں؟انگریز کا دور ختم ہوچکا ، اب سر سر نہ کیا کریں، غلامی کی زنجیریں توڑ دیں،بعدازاں عدالت عظمیٰ نے پنجاب حکومت کی رپورٹ مسترد کردی۔
جڑانوالہ واقعہ پر حکومتی رپورٹ مسترد،انگریز کا دور ختم،غلامی کی زنجیریں توڑ دیں،چیف جسٹس
















