بلوچ طلباعدم بازیابی کیس میں نگران وزیراعظم عدالت طلب

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے ہیںجبری گمشدگیوں میں ملوث افراد کو 2بار سزائے موت ملنی چاہیے،عدالت نے بلوچ طلباعدم بازیابی کیس میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا، جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس پرسماعت کی۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عثمان گھمن نے عدالت کو آگاہ کیا 12میں سے مزید ایک طالبعلم بازیاب ہو گیا ،اٹارنی جنرل دستیاب نہیں ،سماعت ملتوی کی جائے، کیس میں مزید وقت درکار ہے، مہلت دی جائے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)اور ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی)کو طلب کرنے کا بھی عندیہ دیتے ہوئے ریمارکس دئیے یہ تو میری مہربانی ہے دونوں ڈائریکٹر جنرلز کو نہیں بلا رہا،اغوا برائے تاوان کی سزا موت ہے،جبری گمشدگیوں میں ملوث افراد کو2 بار سزائے موت ملنی چاہیے۔

جج نے کہا ابھی نگران وزیراعظم کو طلب کرتا ہوں پھر منتخب وزیراعظم کو بھی بلاﺅں گا،عدالت نے ریمارکس دئیے نگران وزیراعظم پیر کو 10 بجے خود پیش ہو کر بتائیں کیوں نہ ان کےخلاف مقدمہ کیا جائے؟بعدازاں عدالت نے مزید سماعت 19فروری تک ملتوی کردی۔