وفاق اور پنجاب میں ایم ڈبلیو ایم ، خیبر پختونخواہ میں جماعت اسلامی کیساتھ اتحاد کرینگے:روف حسن

اسلام آباد (مشرق نیوز) تحریک انصاف کے ترجمان روف حسن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے ساتھ خیبر پختونخوا میں حکومت بنائیں گے جبکہ مرکز اور پنجاب میں ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ اتحاد کریں گے۔ اپنے بیان میں روف حسن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا مسئلے کا حل نہیں، مسئلے کا حل پاکستان کی اوورسیز کمیونٹی کی سرمایہ کاری ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس عمل کیلئے مستحکم حکومت وقت کی ضرورت ہے۔ روف حسن نے بتایا کہ وفاق اور پنجاب میں مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے ساتھ حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے ساتھ خیبر پختونخوا میں حکومت بنائی جائیگی۔