اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور: (رپورٹنگ ٹیم) آزاد امیدواروں کی سنچری، اقتدار کی جنگ کیلئے جوڑتوڑ، رابطے تیز۔ لاہور، اسلام آباد نگاہوں کا مرکز، پی ٹی آئی بھی میدان میں کود پڑی۔ وفاق، کے پی، پنجاب میں حکومت بنانے کا اعلان کردیا، پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ (ن) کو وفاق، پنجاب، بلوچستان میں حکومت کیلئے مشترکہ حکمت عملی کا روڈ میپ دےدیا۔
عام انتخابات 2024 کے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں آزاد امیدواروں نے جیتنے کی سنچری مکمل کرلی، مسلم لیگ (ن) بدستور دوسرے، پیپلز پارٹی تیسرے نمبر ہے، ایم کیو ایم17، ق لیگ 3، آئی پی پی، جے یو آئی 2، 2، مجلس وحدت المسلمین کو ایک نشست ملی۔
پنجاب میں مسلم لیگ (ن) سب سے زیادہ نشستیں جیتنے والی پارٹی بن گئی اور 137 سیٹوں پر کامیابی سمیٹ لی۔ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 115 اور دیگر 22 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ پیپلز پارٹی 10 سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ دیگر پارٹیوں کے امیدوار 12 نشستوں پر فاتح رہے۔
سندھ میں پیپلز پارٹی 130 میں سے 84 جنرل نشستیں جیت کر صوبے میں دوبارہ حکومت بنانے کے قابل ہوگئی۔ ایم کیو ایم پاکستان 27 سیٹیں جیت کر دوسرے نمبر پر ہے، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 14 نشستوں پرکامیاب رہے، دیگر جماعتوں کے 7 اراکین ایم پی اے بنے، 84 جنرل نشستیں لینے کے بعد پیپلز پارٹی 20 خواتین و 6 اقلیتوں کی مخصوص سیٹوں کی بھی حقدار قرار پائی اور ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سندھ اسمبلی میں 100 سے زائد نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے 115 میں سے 90 جنرل نشستیں جیت لیں، جے یوآئی7، مسلم لیگ (ن) 5، دیگر جماعتوں کے 9 امیدوار کامیاب ٹھہرے، بلوچستان میں پیپلز پارٹی 51 میں سے 11 جنرل نشستیں جیت کر صوبے کی بڑی جماعت بن گئی۔ جے یوآئی10، مسلم لیگ (ن) 8 دیگر جماعتوں کے 19 اراکین رکن بنے۔
دوسری جانب اقتدار کی جنگ کیلئے جوڑتوڑ کا آغاز ہوگیا اور رابطوں کا سلسلہ تیز کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ (ن) کو وفاق، پنجاب اور بلوچستان میں حکومت کیلئے مشترکہ حکمت عملی کا روڈ میپ دےدیا۔ پیپلز پارٹی نے یقین دہانی کرائی آپ پنجاب میں حکومت بنائیں، ساتھ دیں گے۔ پیپلز پارٹی کو بلوچستان میں حکومت بنانے کےلئے مسلم لیگ (ن) ساتھ دے، رابطو ں میں آزاد اراکین سے دونوں جماعتوں کے الگ الگ رابطے پر اتفاق ہوا اور فیصلہ کیا گیا حکومت سازی پر اتفاق رائے اور مشترکہ اتحاد سے قبل میڈیا پر بیانات نہیں دئیے جائیں گے۔
ادھر سابق صدر آصف زرداری اور صدر مسلم لیگ (ن) شہبازشریف کے درمیان ہونےوالی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے آصف زرداری کو قائد مسلم لیگ (ن) نوازشریف کا پیغام پہنچایا، ملاقات کے دوران دونوں رہنماو¿ں میں حکومت سازی پر تبادلہ خیال ہوا، ملکر ساتھ چلنے اور حکومت سازی کےلئے رابطہ و ملاقاتیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
دوران ملاقات شہبازشریف نے شکوہ کیا پی پی قیادت مسلم لیگ (ن) پر بیجا تنقید کرتی رہی۔ آصف زرداری نے کہا سب الیکشن کا حصہ تھا، معاملے کو ختم کیا جائے، میاں صاحب آپ بھی تو جلسوں میں پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے رہے ہیں، اب حکومت سازی کےلئے معاملات کو طے کرنا چاہئے، جمہوریت میں استحکام کےلئے ملکر فارمولا طے کرنا ہو گا، اپنی جماعت سے مشاورت کرتے ہیں اور آپ بھی کرلیں، شہبازشریف نے قائد مسلم لیگ (ن) نوازشریف سے مشاورت کےلئے وقت مانگ لیا۔
دریں اثناحکومت سازی کیلئے آصف زرداری اور نوازشریف کے درمیان کسی بھی وقت ملاقات متوقع ہے، دونوں جماعتوں کی جانب سے اپنے اپنے وزیراعظم کا نام دئیے جانے کا بھی امکان ہے۔
پارٹی قائد کاٹاسک پورا کرنے کیلئےشہبازشریف نے جے یوآئی سربراہ فضل الرحمن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، انتخابات کے بعد کی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ فضل الرحمن نے شہبازشریف کو پارٹی کے مرکزی قائدین کی تمام نشستوں پر فتح کی مبارکباد دی۔ فضل الرحمن نے ملاقات کی دعوت قبول کرلی ،سربراہ جے یوآئی جلد لیگی قیادت سے ملاقات کرینگے۔
علاوہ ازیںقائد نوازشریف کی اتحادی حکومت بنانے کی دعوت پر ایم کیوایم پاکستان کا وفد لاہور پہنچ گیا۔ وفد میں گورنرسندھ کامران ٹیسوری، خالد مقبول صدیقی، مصطفی کمال اور فاروق ستار شامل ہیں۔
مزید برآں مسلم لیگ (ن) کی قیادت حکومت سازی کے عمل کےلئے بھرپور طریقے سے متحرک ہوگئی، ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ کر کامیاب ہونےوالے 12 ناراض اراکین سے رابطہ کر لیا گیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق آزاد امیدواروں سے رابطوں کےلئے بنائی گئی کمیٹی کے اراکین اسحاق ڈار، ایاز صادق نے شہبازشریف سے ملاقات کی اور اب تک ہونےوالے رابطوں پر بریفنگ دی۔ اعظم نذیر تارڑ نے آزاد امیدواروں کی پارٹی میں شمولیت کیلئے قانونی امور سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطاق ناراض اراکین مضبوط یقین دہانی کے بعد نوازشریف سے ملاقات کریں گے، ناراض واپس پارٹی میں آئے تو ن لیگ کی پوزیشن مزید مستحکم ہوجائیگی۔ سابق وزیراعظم شہبازشریف نے قائد مسلم لیگ (ن) نوازشریف سے ملاقات کرکے آصف زرداری سے ہونےوالی ملاقات میں پیشرفت ودیگر امورسے آگاہ کیا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے نمبرز پورے ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے وفاق، پنجاب، کے پی میں حکومت بنانے کا اعلان کردیا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا قومی اسمبلی کی 170 نشستوں پر برتری حاصل ہے، اکثریت، عوامی مینڈیٹ کو تسلیم اور اپنی مرضی کی حکومت نہ بنوائی جائے، کسی کےساتھ کوئی جھگڑا نہیں، بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے غلامی قبول نہیں، الیکشن کے تمام نتائج کا فوری اعلان کیا جائے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا مجلس وحدت مسلمین کی سیٹیں ہماری اور پی ٹی آئی کی سیٹیں اتحادی جماعت کی ہیں، پارٹی جوائن کرنے کا فیصلہ جلد کریں گے۔ پنجاب، کے پی اور وفاق میں حکومت بنائیں گے، عوام نے 8 فروری کو پرامن طریقے سے حق رائے دہی استعمال کیا، الیکشن پرامن ہوئے، ووٹنگ کا عمل 5 بجے مکمل ہوگیا تھا لیکن الیکشن کمیشن آئینی و قانونی فریضے سے پہلے بھی ناکام ہوچکا تھا، آخری مرحلے میں بھی الیکشن کمیشن فیل ہوگیا، پی ٹی آئی کو جیتی سیٹوں پر ہرایا گیا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا دعوے سے کہتے ہیں 170 نشستوں پر برتری حاصل ہوئی، کے پی میں دوتہائی اکثریت حاصل کرلی، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، خودساختہ وزیراعظم کے اعلان کو مسترد کرتے ہیں، عوام کی آواز کو دبانا اور مرضی کی حکومت بنانے کا عمل معیشت برداشت نہیں کر سکے گی، 50 سیٹیں بھی نہ جیتنے والا وزیراعظم بننے کاخواب دیکھ رہا ہے۔ پنجاب کوعوامی وزیراعلیٰ ملے گا، درخواست ہے عوام کے مینڈیٹ اور آواز کو قبول کیاجائے،کسی سے جھگڑا نہیں، مستقبل کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں، حکومت ملک کیلئے بنائیں گے، آئین و قانون کے مطابق ذمہ داری نبھائیں گے، وزیراعظم کون ہوگا، فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے، 15 دن کے اندر اندر انٹرپارٹی الیکشن کرا دیا جائےگا۔
آزاد امیدواروں کی سنچری، اقتدار کی جنگ کیلئے جوڑتوڑ ،پی ٹی آئی بھی میدان میں کود پڑی، حکومت بنانے کا اعلان
















