لاہور میں بلاول کو ہرایا گیا،انتخابی نتائج تسلیم،تاخیر کا جواز نہیں:پیپلزپارٹی

لاہور(سٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمن نے کہا ہے الیکشن کے نتائج میں تاخیر کا مطلب ہمیں اچھی طرح پتہ ہے، لاہور میں نتیجہ اچانک تبدیل ہوا،لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمٰن نے کہا ایپ بند کردی گئی تو ہم الیکشن کمیشن پہنچے، ہم گالی گلوچ اور دھونس دھمکی کی سیاست نہیں کرتے، بہت سے رزلٹ ہیں جنہیں ہم احترام سے قبول کرتے ہیں، 87نتائج کے بعد صبح 6 بجے ہمارے چیف پولنگ ایجنٹ کو کمرے سے نکال دیا، ہم پٹیشن لے کر لاہور ہائی کورٹ گئے، ہمیں دروازہ کھولنا اور کھلوانا بھی آتا ہے، انٹرنیٹ بند کیا گیا، مجھے تو کوئی سکیورٹی صورتحال نظر نہیں آئی،پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا بلاول کی کلیئر لیڈ تھی، ہر چینل پر آ چکی تھی، لاہور کسی کی جاگیر نہیں، پورا پاکستان ہمارے ووٹروں کےلئے کھلا ہونا چاہیے، ہم بات کریں گے اور سوال اٹھائیں گے، اس طرح نہیں ہوتا آپ لوگوں کے ووٹ کا حق چھینیں، بلاول بھٹو جیت رہے تھے، پھر نتائج روک کر بدلنا شروع ہو جاتے ہیں، لیڈ تبدیل ہوتی ہے اور آزاد اوپر آتا ہے، جادو بہت سیٹوں پر ہے مگر ادھر بھی ہوا تھا، ہم نے ایپ بنایا تھا اور 63 ہزار اس پر ووٹ سرچ ہوا، صبح 10بجے تک رزلٹ آجانے چاہئیں تھے مگر نہیں آئے،شیری رحمن نے کہا بلاول بھٹو کے ووٹ غائب کر لیے گئے، جو رزلٹ آئے ان کو ہم قبول کرتے ہیں مگر تاخیر کا جواب نہیں ہے، آر او تک رسائی حق ہے ،فارم 45 ملنے چاہئیں، بڑے حلقوں سے رزلٹ آ رہے تھے مگر ہمارے روک لیے گئے، صبح سے موبائل انٹرنیٹ بند کر دیا گیا، پارلیمان میں جب الیکشن ہوتا ہے تو سب ساتھ بیٹھتے ہیں، گفت و شنید سب سے ہوتی ہے، جمہوریت صرف جھنڈا لہرانے کی بات نہیں۔