بم دھماکے ملک کیخلاف سازش، قوم دہشت گردی کیخلاف یکجان ہے ،محسن نقوی

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے سمز لیب و ڈائیگناسٹک سنٹر پراجیکٹ اور زیر تعمیر پولیس خدمت مرکز شادمان کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سمز لیب وڈائیگناسٹک سنٹرکے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو 10روز میں مکمل کرنے کاحکم دیا اور سمز لیب وڈائیگناسٹک سنٹر کے توسیعی منصوبے کی تکمیل کیلئے کمشنر لاہورمحمد علی رندھاوا کو ٹاسک دے دیا ۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سمز لیب وڈائیگناسٹک سنٹر کی پارکنگ کیلئے جگہ مخصوص کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پولیس خدمت مرکز شادمان کے زیر تعمیر پراجیکٹ کا جائزہ لیا اور پولیس خدمت مرکز شادمان کیلئے پارکنگ اور ڈرائیونگ ٹیسٹ کیلئے کشادہ جگہ رکھنے کی ہدایت کی۔ انسپکٹر جنرل پولیس، سی سی پی او، کمشنر لاہور، چیف انجینئر ایل ڈی اے اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کا دورہ کیا اور پولیس لائنز میں ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے دفتر سے ملحقہ پولیس فلیٹس کابھی دورہ کیا ۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ڈے کیئر سنٹر میں بچوں کے لئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پلے ایریااور دیگر رومز کا معائنہ کیا اورڈے کئیر سنٹر میں بہترین سہولتوں پر اطمینان کااظہار کیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور او راے ایس پی سیدہ شہر بانو نے ڈے کیئر سنٹر کے با رے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈے کیئر سنٹر نجی شعبے کے تعاون سے بنایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پولیس فلیٹس کو بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پولیس فلیٹس کیلئے مناسب پارکنگ کاانتظام ہونا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے فلیٹس کے داخلی راستے کو کشادہ اور علیحدہ رکھنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فلیٹس میں سہولتوں کی بہتری کیلئے موقع پر ہی ہدایات دیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی آپریشنز علی رضوی اور دیگر پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقوں پشین اور قلعہ سیف اللہ میںانتخابی دفاتر کے قریب دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔وزیراعلی محسن نقوی نے دھماکوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔وزیر اعلی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت دکھ کی اس گھڑی میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ دہشت گردی کا یہ واقعات ملک میں عدم استحکام اور انتشار پھیلانے کی سازش ہیں۔ ملک دشمن عناصر انتخابات کے موقع پراپنے مذموم عزائم کیلئے امن عامہ کی صورتحال خراب کرنا چاہتے ہیں۔قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے یک جان ہے اور قوم اتحاد و اتفاق کی قوت سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔