راولپنڈی (مشرق نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملکی خودمختاری، قومی عزت اور عوام کی امنگوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت مقدس اور ناقابل تسخیر ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے زیرصدارت 262 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، کانفرنس کے شرکا نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہدا نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان تمام ریاستوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے، ملکی خودمختاری، قومی عزت اور عوام کی امنگوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں شرکا نے اتفاق کیا کہ کسی کو سیاسی سرگرمی کے نام پر تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی، آزادانہ، منصفانہ انتخابات کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، دہشت گردوں، سہولت کاروں کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔
ملکی خود مختاری، قومی عزت، عوامی امنگوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا: آرمی چیف
















