آج سامنے آرہا ہے اصل چور اور جھوٹے کون تھے؟ مریم اورنگزیب

لاہور (مشرق نیوز) رہنما مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاست کو داغدار کیا، اپنا دور دوسروں کو چور ، چور کہنے پر لگایا، آج سامنے آرہا ہے کہ اصل چور اور جھوٹے کون تھے۔ رہنما مسلم لیگ (ن)نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاست کو داغدار کیا، انہوں نے پاکستانی عوام کا پیسہ چوری کیا ،اب انہوں نے قومی خزانے پر ڈاکہ ڈالا ہے، بانی پی ٹی آئی سمجھتے تھے کہ طاقت سے دوسروں کا منہ بند کرلیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں ملکی بہتری کے بڑے بڑے منصوبے بنے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں کرپشن کم ہوئی، اوپر بیٹھا شخص صادق و امین تھا اسلئے کرپشن نہیں ہوئی، نواز شریف اور مریم نواز کو جیل میں ڈالا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کہتے تھے 56کمپنیاں،صاف پانی، پتہ نہیں ہم پر کیا کیا الزام لگایا، یہ نوازشریف کو کرپشن کرنے پر سزا نہیں دے سکے، نوازشریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا، اپنی پوری سیاست میں انہوں نے جھوٹے بیانئے بنائے، یہ پورا مافیہ تھا،منظم طریقے سے کرپشن کرتا تھا۔