کون پراسرار ملک چلارہاہے؟، کوئی بندہ اپنا کام کرنے کو تیار نہیں،چیف جسٹس

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)اٹارنی جنرل نے صحافیوں کیخلاف نوٹسز پرکارروائی موخر کرنے کی یقین دہانی کرادی،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کون پراسرار ملک چلارہاہے؟۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں3رکنی بنچ نے صحافیوں کو ہراساں کرنے اور ایف آئی ایف کی جانب سے نوٹسز بھجوانے کے کیس پر سماعت کی ،سماعت شروع ہوئی تو عامر میر کے وکیل جہانگیر جدون نے کہا عامر میر کیس میں عدالتی احکامات پر عمل ہوا یا نہیں حکومت سے پوچھا جائے، چیف جسٹس نے سوال کیا کس حکومت سے پوچھیں؟ وکیل نے جواب دیاوفاقی حکومت سے پوچھیں،جسٹس قاضی فائز نے سابق ایڈووکیٹ جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا پھر آرڈر بھی آپ کےخلاف پاس ہوگا، آپ کے موکل کیا وزیر ہیں؟ جہانگیر جدون نے کہا جی وزیر ہیں، چیف جسٹس نے سوال کیا کیا بطور وزیر بے یارو مددگار ہیں؟ وکیل نے جواب دیا جی وہ ہیں، چیف جسٹس نے سوال کیا پھر وہ کون پراسرار ہے جو ملک چلا رہا ہے؟ وکیل نے کہا سب کو پتہ ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے ایسی باتیں مت کریں ،کورٹ ہے اکھاڑہ نہیں،صحافیوں کی جانب سے متفرق درخواست دائر نہ ہونے پر چیف جسٹس نے اظہار تشویش کرتے ہوئے کہاجب تک تحریری طور پر سامنے کچھ نہیں آئے گا آرڈر کیسے جاری کریں اب سپریم کورٹ میں 3رکنی کمیٹی درخواست آنے کے بعد طے کرے گی، کیا صحافیوں نے کوئی نئی درخواست دائر کی؟ صحافی عقیل افضل نے کہاابھی تک فہرست ہی نہیں ملی کن صحافیوں کےخلاف کارروائی ہے۔

جسٹس قاضی فائز نے ریمارکس دئیے اٹارنی جنرل صاحب محتاط رہتے ہوئے کوئی آرڈر پاس نہیں کیا، کوئی بندہ اپنا کام کرنے کو تیار نہیں، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کو دیکھ رہے ہیں،قانون پرکیس براہ راست نشر ہوا تھا پورے ملک نے دیکھا، توقع رکھتے تھے صحافی کوئی سی ایم اے فائل کرتے، کوئی کاغذ تو دکھائیں کیس میں آگے کیسے بڑھیں، تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا ،آئین و قانون کے مطابق چلتے ہیں، سچ انسان کو آزاد کر دیتا ہے،حیدر وحید ایڈووکیٹ نے دلائل میں کہا وفاقی حکومت کو ہدایت کی جائے سٹیک ہولڈرز سے ملکر سوشل میڈیا کےلئے ضابطہ اخلاق بنائے، چیف جسٹس نے سوال کیا کیا عدالت ایسا حکم جاری کر سکتی ہے؟۔

جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے ڈیجیٹل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کیلئے کوئی قانون نہیں جو قانون ہے وہ صرف فوجداری کارروائی کیلئے ہے، یوٹیوب پر ہتک عزت قانون تو لاگو ہوتا ہے لیکن کوئی ریگولیٹری قانون نہیں ،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے عدالت قانون کی تشریح کر سکتی ہے جب قانون ہی نہیں تو کیا کریں؟ عدالت صرف سٹیک ہولڈرز کو ایک ساتھ بیٹھنے کی درخواست کر سکتی ہے، جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے اٹارنی جنرل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی تھی، باضابطہ درخواست تو آئے ایسے حکم کیسے جاری کر سکتے ہیں۔

صدر پریس ایسوسی ایشن سپریم کورٹ نے کہا عدالت کی آبزرویشن کے باوجود نوٹسز واپس نہیں ہوئے، اٹارنی جنرل نے کہا کرائی گئی یقین دہانی پر قائم ہوں، نوٹس واپس کرنے کا طریقہ کار ہے،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے اگر عدالت ایسے سوموٹو لے تو بھی صحافی اعتراض کریں گے، مزید کیس کیسے آگے چلائیں بتا دیں،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے جے آئی ٹی کا نوٹیفکیشن سامنے ہے نہ ہی کسی نوٹس کی کاپی، لسٹ ملی یا نہیں جنہیں نوٹسز ملے ان کے تو جمع کرائے جا سکتے تھے، صدر سپریم کورٹ بار نے کہا میں بھی سمجھ رہا تھا کوئی درخواست آئےگی۔

جسٹس علی مظہر نے سوال کیا کیا کوئی ایف آئی اے میں پیش ہوا ہے؟ اٹارنی جنرل نے کہاجے آئی ٹی کو منگل تک کےلئے روکا تھا، چیف جسٹس نے کہا کسی تحریری مواد کے بغیر اٹارنی جنرل کو درخواست کر سکتے ہیں حکم نہیں دے سکتے،صدر پریس ایسوسی ایشن سپریم کورٹ نے عدالت سے کہا 10منٹ کا وقت دیں تو متفرق درخواست دائر کر دیں گے، اٹارنی جنرل نے کہا متفرق نہیں آئینی درخواست ہونی چاہیے جو معاملہ کمیٹی میں جانا ہے،صحافی مطیع جان نے کہا الیکشن سے پہلے میڈیا کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا جو کہنا ہے لکھ کر دیں زبانی بات نہیں سنیں گے، مطیع جان نے کہا اداروں کو جلدی کس بات کی ہے الیکشن کے بعد بلا لیں،صدر سپریم کورٹ بار شہزاد شوکت نے کہا عدالتی سماعت کے بعد تاثر ملا جیسے نوٹسز واپس ہوگئے لیکن کوئی نہیں مان رہا ،صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا ایف آئی اے نے تنقید اور ٹرولنگ کو مکس کر دیا، میڈیا کو ٹارگٹ کرنے کیلئے سب کیا جا رہا ہے،جسٹس قاضی فائز نے ریمارکس دئیے نوٹس کی شکل ہی نہیں دیکھی تو کیا حکم جاری کریں، ہر آدمی وہی بات کر رہا ہے لیکن نوٹسز دکھا رہے ہیں نہ درخواست دی جا رہی ہے، آپ لوگ شاید صحافیوں کی تاریخ سے واقف نہیں ، صحافیوں کو کوڑے لگے اور جیل بھی گئے لیکن آپ نوٹسز پر اعتراض کر رہے ہیں،چیف جسٹس نے سوال کیا کیا صحافی جھوٹ لکھ سکتا ہے؟ صدر پی ایف یو جے نے جواب دیا صحافی کیلئے جھوٹ لکھنا جرم ہے،مطیع جان نے کہا صحافیوں کےخلاف کارروائی کو انتخابات کے بعد تک موخر کیا جائے، جسٹس مسرت ہلالی نے کہاآپ اس دوران احتیاط سے رپورٹنگ کریں، اٹارنی جنرل نے کہاابھی صرف صحافیوں کے بیانات قلمبند کرنے ہیں جنہوں نے ٹوئٹس کیے، بس اتنا کام ہے؟،صحافیوں کیخلاف ایف آئی اے نوٹسز انتخابات کے بعد ٹیک اپ ہوں گے،دریں اثنا عدالت نے کیس کی مزید سماعت مارچ کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی۔