اسلا م آباد:(بیورورپورٹ)اشتہاری کو انتخابات لڑنے سے نہیں روکا جاسکتا،سپریم کورٹ نے طاہر صادق کے کاغذات نامزدگی منظوری کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
فیصلے میں کہا گیااشتہاری ہونے کا تعلق ملزم کے متعلقہ کیس کی حد تک ہوتا ہے لہٰذا اشتہاری ہونے کا تعلق ملزم کے کسی دوسرے کیس یا معاملے سے نہیں جوڑا جاسکتا،جمہوری نظام میں عوام ووٹ کے ذریعے اپنی نمائندوں پر مشتمل حکومت بناتے ہیں، آئین میں ایسی کوئی پابندی نہیں اشتہاری یا مفرور کو الیکشن لڑنے سے روکا جاسکے۔
سپریم کورٹ نے کہاانتخابات میں صرف امیدواروں نہیں ،عوام کے حقوق بھی شامل ہوتے ہیں، عدالتیں بنیادی حقوق ،جمہوریت کی محافظ ہیں، عدالتوں کو انتخابی معاملے پر اس نظر سے مداخلت کرنی چاہیے جمہوری اصول کی بالادستی رہے۔
فیصلے میں کہا گیا جمہوری معاشرے کی روح اپنی پسند کے امیدوار کو آزادی سے ووٹ دینا ہے، عوام کی رائے پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، انتخابی عمل و ووٹنگ کے ذریعے ہی عوام جمہوری عمل میں شریک ہوتی ہے، انتخابی عمل میں آزادی سے شرکت کسی بھی معاشرے میں سب سے بڑا بنیادی حق ہے، امیدواروں کی اہلیت و نااہلی کا معیار انتخابی عمل موثر بنانے کیلئے ہے، طاہرصادق کے اعتراض کنندہ سے پوچھا اشتہاری ہونے کا کیسے علم ہوا، اعتراض کنندہ نے کہا کسی دوست نے بتایا تھا طاہرصادق اشتہاری ہیں،سپریم کورٹ نے کہاالیکشن کمیشن حکام طاہر صادق کے اشتہاری ہونے کی دستاویز نہ دکھا سکے لہٰذا این اے 49 اٹک سے طاہرصادق کا نام بیلٹ پیپر میں شامل کیا جائے۔
آئین میں اشتہاری یا مفرور کو الیکشن لڑنے سے روکنے کی کوئی پابندی نہیں،سپریم کورٹ
















