حماد اظہر کے والد میاں اظہر کو گرفتارکرلیا گیا

لاہور (مشرق نیوز) تحریک انصاف کے سینئر رہنما میاں اظہر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ میاں اظہر کی گرفتاری کی انکے بیٹے حماد اظہر نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے۔ حماد اظہر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میرے والد اور سابق گورنر پنجاب میاں اظہر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بزدل لاڈلے اور خوفزدہ حکومت کے حکم پر میرے والد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حماد اظہر کا یہ بھی کہنا ہے کہ 82 سالہ میاں اظہر کو این اے 129 میں ریلی نکالنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

اس سے قبل 24 جنوری کو جناح ہاوس حملہ کیس میں اشتہاری قرار دئیے گئے تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کے گھر لاہور پولیس نے گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تھا تاہم حماد اظہر کو پناہ دینے والے ملزم نے انہیں فرار کروا دیا تھا۔ پولیس نے پناہ دینے والے 2 افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا تھا۔ جعفریہ کالونی میں چھاپے کے دوران حماد اظہر کے ساتھیوں نے پولیس کو دیکھ کر شور مچا دیا تھا جس پر پولیس کے پہنچنے تک حماد اظہر فرار ہو گئے تھے۔