حافظ آباد:وکلا آئین کی پاسداری کیلئے سڑکوں پرآگئے

حافظ آباد:(محمد نواز ) ڈسٹرکٹ بار کے وکلاءنے آئین کی پاسداری اورووٹ کو عزت دو کے سلسلہ میں ریلی نکالی جس کی قیادت بار کے صدر عمرخضر ہنجرا ایڈوکیٹ اور سیکریٹری رائے وقار نے کی۔ریلی جوڈیشل کمپلیکس سے شروع ہوکر جناح چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پروکلاءنے ووٹ کو عزت دو، ایک ملک دودستور کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔

وکلا سے خطاب کرتے ہوئے بار کے سابق صدر اور بزرگ قانون دان پی ایم صفدر کھرل ایڈوکیٹ نے وہاں پر موجود پولیس افسران کی جانب منہ کرکے کہا کہ یہ ملک ان رشوت خور پولیس افسروں نے نہیں بنایا تھا بلکہ اس ملک کو قانون اور آئین کی پاسدار ی کے لئے بنایا گیا تھا۔

سابق صدر شعیب بھی ایڈوکیٹ نے کہا چاہتے ہیں آٹھ فروری کے انتخابات پر تمام سیاسی جماعتوں کو حصہ لینے کی اجازت ہو جبکہ ڈسٹرکٹ بار کے نومنتخب صدر عمر خضرہنجرا ایڈوکیٹ نے کہا کہ وکلاءبرادری آئین اور قانون کی پاسداری کے لئے ایک پلیٹ فارم پر متحدہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ آٹھ فروری کے انتخابات کو نہایت ہی منصفانہ اورآزادنہ کروایا جائے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی صدر رانا جمیل قیصر کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر موجودرہی۔ریلی سے امان اللہ سندھو، عاصم بخاری ودیگر نے بھی خطاب کیا۔