ریٹائرڈ ججوں کیخلاف کارروائی سمیت اہم مقدامات سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد(بیورورپورٹ)مستعفی یا ریٹائرڈ ججوں کےخلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی جاری رکھنے کےلئے وفاقی حکومت کی اپیل سماعت کےلئے مقرر کردی گئی،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں3 رکنی بنچ آئندہ ہفتے حکومتی اپیل پر سماعت کریگا۔اسی طرح سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی رولنگ غیر آئینی قرار دینے کے خلاف نظرثانی درخواست سماعت کےلئے مقرر کردی گئی،جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بنچ آئندہ ہفتہ نظر ثانی درخواستوں پر سماعت کرے گا،بنچ میں جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس اطہر من اللہ بھی شامل ہیں جبکہ سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کیخلاف انٹرا کورٹ اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کردی،جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں 6 رکنی لارجر بنچ پیر 29جنوری کو سماعت کریگا۔ بنچ میں جسٹس امین الدین خان، جسٹس علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس عرفان سعادت شامل ہوںگے۔



















