اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ الیکشن لڑنا بنیادی حق ہے، بغیر قانون کسی کو کیسے محروم کیا جا سکتا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنماوں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے علیحدہ علیحدہ کیسوں کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی، جس میں عدالت عظمیٰ نے اپنا فیصلہ سنا دیا۔
پی ٹی آئی رہنما عمر اسلم کو سپریم کورٹ نے انتخابات لڑنے کی اجازت دیدی۔ عمر اسلم کے کاغذات نامزدگی 9 مئی کے مقدمات میں مفرور ہونے کی بنیاد پر مسترد کئے تھے۔عدالت نے کہا کہ الیکشن لڑنا بنیادی حق ہے۔ مفرور شخص الیکشن نہیں لڑ سکتا بتا دیں کہاں لکھا ہے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔
انتخابات لڑنے سے متعلق ایک دوسرے کیس کی سماعت جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کی جس میں عدالت عظمیٰ نے پی ٹی آئی کے رہنما طاہر صادق کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔طاہر صادق نے قومی اسمبلی کے این اے 49 اٹک سے کاغذات نامزدگی جمع کرا رکھے ہیں اور انہوں نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
دریں اثناءسپریم کورٹ نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 19 سے پی ٹی آئی رہنما محمد عارف عباسی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کا معاملہ میں الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اپیل خارج کردی۔کیس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں بتایا کہ ریٹرننگ آفیسر نے نامزدگی پر اعتراض اٹھا کر کاغذات مسترد کئے۔ درخواست گزار کے خلاف وارث خان تھانے میں 2 ایف آئی آرز درج تھیں۔
الیکشن لڑنا بنیادی حق ہے، بغیر قانون کیسے محروم کیا جا سکتا ہے: سپریم کورٹ



















