پشاور،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی کی عام انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کرانے کی درخواست خارج کر دی گئی،پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے درخواست پر پہلے سے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کی درخواست خارج کر دی،تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیاجائےگا۔
دوسری جانب وزارت داخلہ نے عام انتخابات میں فوج ،سول آرمڈ فورسز تعینات کرنے کاباقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا،نوٹی فکیشن کے مطابق آئین کی شق 245 کے تحت ملک میں فوج تعینات کی جائے گی، فوج کوئیک رسپانس فورس کے طور پر حساس پولنگ سٹیشنز کے باہر تعینات کیا جائے گا ،تعیناتی 5 سے 12 فروری تک ہو گی،تعیناتی انتخابات کو شفاف و پرامن بنانے کیلئے کی گئی ۔
ادھر الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کےلئے حتمی پولنگ سکیم تیار کرلی، ملک بھر میں 92ہزار 353پولنگ سٹیشنز قائم کیے جائیں گے،11لاکھ 99ہزار سے زائد کا عملہ تعینات کردیاگیا،پولنگ سٹیشنز پر 92ہزار 353نائب قاصد کی ڈیوٹیز بھی لگادی گئیں، ہر پولنگ سٹیشن پر ایک ایک نائب قاصد تعینات ہوگا۔
مزید برآںالیکشن کمیشن نے عوام کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے نام سے منسوب جعلی واٹس ایپ کالز و پیغامات سے متنبہ کردیا،ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا عوام چیف الیکشن کمشنر کے نام سے جعلی واٹس ایپ کالز اور پیغامات سے ہوشیار رہیں، کالز ، پیغامات کی تصدیق کےلئے چیف الیکشن کمشنر کے سٹاف افسر سے لینڈ لائن پر رابطہ کریں۔
انتخابات عدالتی نگرانی میں کرانے کی درخواست خارج، فوج تعیناتی کانوٹیفکیشن
















