فیض آباد دھرنا نظر ثانی کیس، وفاق کی متفرق درخواست منظور

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)فیض آباد دھرنا نظر ثانی کیس میں وفاق کی متفرق درخواست منظور کر لی گئی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اٹارنی جنرل سے سوال کیا انکوائری کمیشن کوآخری تاریخ کب کی دی گئی ؟اٹارنی جنرل نے کہا فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن کو 14 فروری تک توسیع دی گئی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا بس پھر کیس کی سماعت 14 فروری کے بعد ہو گی،الیکشن کمیشن نے فیض آباد دھرنا فیصلے پر عمل درآمد رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی،سپریم کورٹ نے کہا الیکشن کمیشن کی عمل درآمد رپورٹ کو بھی آئندہ سماعت پر دیکھا جائے گا، الیکشن کمیشن نے کہا دسمبر 2023ءکے حکم پر عمل کر دیا۔

سپریم کورٹ کے حکم نامے میں کہا گیا الیکشن کمیشن نے سر بمہر رپورٹ عدالت میں داخل کردی، عدالت رپورٹ کا جائزہ آئندہ سماعت پر لے گی، اٹارنی جنرل نے کہا انکوائری کمیشن ابھی کام کر رہا ہے، انکوائری کمیشن کو 2 ماہ دئیے تھے، حکومت نے 14 فروری تک مزید وقت دیا، مقدمے کی سماعت 14 فروری کے بعد کے ہفتے میں سماعت کےلئے مقرر کی جائے،عدالت عظمیٰ نے فیض آباد دھرنا نظرِ ثانی کیس کی سماعت ایک ماہ کےلئے ملتوی کر دی۔