بلاول بھٹو کی سیاست قابل رحم، لاہور سمیت پنجاب سے کچھ نہیں ملے گا :رانا تنویر

مریدکے (تحصیل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے کے نائب صدر رانا تنویر نے کہا ہے بلاول بھٹو جس میثاق معیشت کی بات کررہے ہیں یہ تجویز شہباز شریف نے ہی دی تھی ،میثاق معیشت کے لئے سب سے پہلے مسلم لیگ (ن) نے آواز اٹھائی کہ تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر ہونا چاہیے ۔مریدکے میں سابق سٹی ناظم چوہدری کبیر بھٹی کے ڈیرہ پر مسلم لیگ (ن)کے امیدوار قومی اسمبلی رانا احمد عتیق انور اور ایم پی اے کے امیدوار چوہدری ارشد ورک کے ہمراہ انتخابی مہم کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو کی سیاست پر ترس آتا ہے ،انہیں لاہور سمیت پنجاب سے کچھ نہیں ملے گا بلکہ سندھ کے عوام بھی پیپلز پارٹی سے 8 فروری کو انتقام لیں گے۔ سندھ کے عوام بھی اب غلامی سے نجات چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی نے بیس سال سے سندھ کی عوام کو یرغمال بنارکھا ہے ،سندھ کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ،وہاں عوام پینے کے صاف پانی ،علاج کی سہولیات سے محروم ہےں ۔ انہوںنے کہا کہ ترقیاتی کام صرف نواز شریف کے دور میں ہوئے، نواز شریف نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا،سندھ کے امن کو بحال کیا ،سندھ کے عوام نواز شریف کا ساتھ دےںگے ۔انہوں نے کہا 8فروری کا الیکشن ریفرنڈم ہے جو پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین سے نجات اورپاکستان کی خوشحالی کی نوید لے کر آرہاہے ،نواز شریف کو اگر ہٹایا نہ جاتا تو آج پاکستان دنیا کے بیس بہترین معیشتوں والے ممالک میںشامل ہوتا ۔