راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف نیب توشہ خانہ ریفرنس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران دبئی میں بھارتی کمپنی کے سیلزمین سمیت 2گواہوں کے بیانات قلمبند ،ایک پر جرح مکمل ہوگئی۔
احتساب عدالت کے جج بشیر نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی، جیولری سیٹ و بریسلٹ واچ کی مالیت کا تخمینہ لگانے والے گواہ کا بیان ریکارڈ کیا گیا، اپنے بیان میں گواہ نے کہا قونصل جنرل پاکستان دبئی کی جانب سے کمپنی کو تخمینے کےلئے رابطہ کیا گیا، کمپنی نے گراف جیولری سیٹ ، بریسلٹ واچ کے تخمینے کی ذمہ داری سونپی۔
کمپنی نے مجھے مارکیٹ ویلیو سرچ کرنے کا کہا، گراف جیولری سیٹ کا تخمینہ 19.492ملین امریکی ڈالر لگا، تخمینے کی رپورٹ قونصل جنرل پاکستان دبئی کے دفتر میں جمع کرائی،گواہ نے کہاڈائمنڈ ایکسپرٹس، جیولری مینوفیکچررز اور مارکیٹ ریسرچ کرکے تخمینہ رپورٹ تیار کی گئی۔
وکیل نے گواہ سے سوال کیا کیا درست ہے آپ کو نیب نے بنی بنائی رپورٹ دی جو قونصل جنرل کو فراہم کی؟ گواہ نے جواب دیا درست نہیں یہ درست ہے تحائف کے تخمینے پر مارکیٹ ریسرچ دستاویزات تفتیشی افسر کے سامنے پیش نہیں کیں۔
توشہ خانہ ریفرنس ، بھارتی کمپنی کے سیلز مین کابیان بھی قلمبند



















