کیا ایران سے تعلقات خراب کرنا ملکی مفاد میں ہے؟،عمران خان

راولپنڈی،لاہور:(بیورورپورٹ،خبر نگار)سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے بڑی خطرناک صورتحال ہے ،ایرانی حملے کی مذمت کرتے ہیں مگر دیکھا جائے معاملات موجودہ صورتحال تک کیسے پہنچے؟ کیا ایران سے تعلقات خراب کرنا ملکی مفاد میں ہے؟ افغان تعاون کے بغیر دہشتگردی ختم نہیں ہوسکتی۔

اڈیالہ جیل کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکونسی عقل ہے کوئی اپنے ملک کو موجودہ پوزیشن میں ڈالتا ہے،شاہ محمود قریشی بطور وزیر خارجہ افغانستان گئے تومکمل تعاون کا یقین دلایا، بلاول جب وزیر خارجہ تھے تو ایک مرتبہ بھی افغانستان نہیں گئے، دہشتگردی افغانستان کے تعاون کے بغیر ختم نہیں ہوسکتی، میں بطور وزیراعظم ایران گیا اور سپریم لیڈر سے بھی ملا جو لوگ چاہتے ہیں ایران کےساتھ تعلقات خراب ہوں وہ خوش ہیں لیکن سوچیں کیا ایران کےساتھ تعلقات خراب کرنا ملکی مفاد میں ہے؟ بی جے پی کی پاکستان پرپالیسی اچھی نہیں ،ایران کے معاملے کو بڑھاوا دینے کی بجائے صورتحال کو ڈیفیوژ کرنا چاہیے۔

سابق وزیراعظم نے کہاالیکشن نہ ہونے کی وجہ سے ملک کا بیڑہ غرق ہو رہا ہے، اکتوبر میں انتخابات ہو جاتے تو استحکام آچکا ہوتا، پی ٹی آئی کو کرش کرنے کےلئے انتخابات کو ملتوی کیا گیا، نگران وزیراعظم کو کوئی سنجیدہ نہیں لے گا،نیوٹرل بھائی جان بھول گئے وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، 2002ءوالی پلے بک نہیں پاکستان کی صورتحال 1970کی ہے جب صرف پارٹی ٹکٹ جیتا تھا، انتخابی مہم میں امیدواروں کے پوسٹرز پر قیدی نمبر 804 لکھا جائے گا جو لوٹوں کے ساتھ ہوچکا کوئی اپنی جگہ سے ہلے گا نہیں، ظلم کے باوجود پارٹی اس لیے نہیں ٹوٹی کیونکہ ووٹ بینک ہے۔

عمران خان نے کہاوکلا نے زبردست کام کیا میں چاہتا ہوں وکلا کوٹکٹ ملیں،جیل میں صرف پی ٹی وی کی سہولت ہے جس پر پروپیگنڈا ہوتا ہے ٹی وی پر سپورٹس دیکھ لیتا تھا ،ورلڈ کپ کے بعد سپورٹس بھی دیکھنا چھوڑ دیا، صبح ایک ڈیڑھ گھنٹہ ورزش کرتا ہوں جس کے بعد عدالت آجاتا ہوں، جیل میں آدمی کو سوچنے،پڑھنے کا موقع ملتا ہے،سابق وزیراعظم نے کہاجسے کرپشن نہ کرنی ہو اسے اپنے امپائر نہیں کھلانے ہوتے ،سپریم کورٹ پر حملہ نواز شریف نے کیا تھایہ ایمان دار جج کو ٹکنے نہیں دیں گے، نواز شریف کرکٹ میں بھی اپنے امپائرز کے بغیر نہیں کھیلتا ،میرا کوئی جج نہیں ، جسٹس اعجاز الحسن معیاری جج تھے ،استعفیٰ پر افسوس ہے۔

ادھر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاملکی حدود کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں ، الیکشن کے سال میں فالس فلیگ آپریشن کا ڈراما ہو سکتا ہے،بطورسابق وزیرخارجہ بے حد تشویش ہے بارڈرآف پیس ہاٹ بن گیا،75سال کے تعلقات میں یہ نوبت نہیں آئی،حکومت کو غور کرنا چاہیے،چاروں سرحدوں پر حالات فکرمندی والے ہیں۔

دریں اثناترجمان پی ٹی آئی نے کہا ایرانی حدود میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے پاکستان کی دفاعی افواج کا حق اورملکی سالمیت و خودمختاری کیلئے ناگزیر ضرورت ہے، ملکی خودمختاری، سالمیت اور سلامتی سب سے مقدم اور ناقابل تسخیر و مفاہمت ہے، پاکستان کسی بھی بیرونی جارحیت کا موزوں ترین انداز میں جواب دینے کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے،کسی بھی نوعیت کی بیرونی جارحیت کے مقابلے یا تدارک کیلئے تحریک انصاف پوری طرح فوج کےساتھ کھڑی ہے۔