سیاسی جماعتیں چیلنجز کے حل کو انتخابی منشور کا حصہ بنائیں:شاہیرہ شاہد

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے کہا ہے ملک کو معیشت سمیت مختلف چیلنجز درپیش ہیں، امید کرتے ہیں سیاسی جماعتیں مسائل کا ادراک کرتے ہوئے چیلنجز کے حل کو اپنے منشور کا حصہ بنائیں گی، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کی جانب سے چیلنجز پر قابو پانے اور ملکی صورتحال کو بہتر بنانے کی مثبت تجاویز تلاش کرنے کےلئے بحث کا آغاز کرنا خوش آئند ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے”پاکستانی رائے دہندگان کا بدلتا منظر نامہ اور منصفانہ نمائندگی میں سیاسی جماعتوں کا کردار“کے عنوان سے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام سیمینارز کے تسلسل کے چوتھے سیمینار سے افتتاحی کلمات کے دوران کیا۔

شاہیرہ شاہد نے کہا عام انتخابات پر سٹیک ہولڈرز کو سیمینارز کے ذریعے اپنی آراءپیش کرنے کا موقع فراہم کرنے پر پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی کوششیں قابل تعریف ہیں، سیمینارز کا بنیادی مقصد نہ صرف آگاہی فراہم کرنا بلکہ لوگوں کو اعتماد کےساتھ بات کرنے کےلئے پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے معاشی معاملات پر تبادلہ خیال میں میڈیا کی شمولیت کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہامیڈیا ملکی سیاسی منظر نامے پر گہری نظر رکھتا ہے ، ذرائع ابلاغ کو بھی چاہئے ملک کو درپیش چیلنجوں سے نکالنے کےلئے فورم کے ذریعے اپنی قابل عمل تجاویز پیش کرے تاکہ سیاسی جماعتیں عوام کو ایسا لائحہ عمل دے سکیں جو ملک کو مسائل کے گرداب سے نجات دلا سکے۔