کراچی (بیورو رپورٹ) پاک بحریہ کی پہلی میری ٹائم سیکیورٹی مشق سی گارڈ کی اختتامی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ وائس چیف آف دی نیول سٹاف، وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے مشق کے کامیاب انعقاد پر تمام سٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی مشقوں کا انعقاد سمندری حدود میں درپیش چیلنجز سے احسن طریقے سے نمٹنے کیلئے جاری مشق پاک بحریہ کے عملی اقدامات کا مظہر ہے۔ مشق کا مقصد میری ٹائم سکیورٹی سے متعلق واقعات کے خلاف ردعمل کے طریقہ کار کا جائزہ لینا، خامیوں کی نشاندہی کرنا اور ردعمل کے میکانزم کو بہتر بنانے کی تجاویز پیش کرنا تھا۔ مشق سی گارڈ نے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کے مشترکہ پلیٹ فارم کے ذریعے جہاز رانی، ماہی گیری، قانون نافذ کرنے والے اور نجی اداروں اور پاکستان کے مختلف بحری سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کا موقع فراہم کیا۔ مشق سی گارڈ نے تمام سٹیک ہولڈرز کیلئے حکمت عملی کی مشقوں، بہترین طریقوں کے تبادلے اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کیلئے پلیٹ فارم مہیا کیا۔مختلف وزارتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں ، پرائیویٹ سیکٹر، ماہی گیر برادری اور وفاقی و صوبائی اداروں کے سینئر حکام نے مشق کے اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ شرکاءکو عملی منظرناموں کے جائزے کے ساتھ ساتھ جے ایم آئی سی سی میں منعقدہ مباحثوں سے حاصل کردہ چیلنجز اور سفارشات پیش کی گئیں۔
پاک بحریہ کی میری ٹائم سکیورٹی مشق ”سی گارڈ 2024“ کراچی میں اختتام پذیر
















