لاہور ( حافظ کاشف سندھو) اندرون شہر، شاہدرہ، راوی روڈ، کریم پارک، بادامی باغ، اسلام پورہ، کرشن نگر، ساندہ، راج گڑھ، سمن آباد سمیت شہر کے پوش علاقوں کے مختلف مقامات پر بلیئرڈ کلب، چائنہ گیمز، کیرم بورڈ، لڈو، تاش اور مختلف گیموں پر نوجوانوں اور کم عمر طالب علموں میں جواءکھیلنے کے رجحان میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہونے لگا۔ پولیس کی مبینہ سرپرستی کی وجہ سے رات گئے تک کھلے رہنے والے ان اڈوں پر منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کا آنا جانا لگا رہتا ہے۔ منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کی وجہ سے سکولوں، کالجوں سے بھاگے نوجوان ان جرائم پیشہ افراد کے لائف سٹائل سے متاثر ہوکر مختلف نشوں اور مجرمانہ سرگرمیوں کا شکار ہوجاتے ہیں۔ شہر میں جرائم کے بڑھنے کی بنیادی وجہ بھی یہی گیمیں ہیں، نوجوانوں کی بڑی تعداد پورا دن ان جرائم کی نرسریوں میں نشہ آور اشیا استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ جرائم کی تربیت لیتے دکھائی دیتے ہیں ، رات گئے تک ان جرائم کے اڈوں پہ بیٹھنے اورمختلف نشوں اورجوئے کی لت کو پورا کرنے کے لئے گلی محلوں میں چھوٹی موٹی وارداتوں سے جرائم کی دنیا میں قدم رکھنے والے نوجوان وقت گزرنے کے ساتھ باقاعدہ ریکارڈ یافتہ مجرم کی شکل اختیار کر لیتے ہیں لاہور کے گنجان آباد علاقوں میں بلیئرڈ کلبز ، کیرم بورڈ، چائنہ ویڈیوگیم کے اڈے قائم ہیں جن کی کوئی مانیٹرنگ نہیں ہوتی ان اڈوں پہ ہونے والی غیر اخلاقی سرگرمیوں کے بارے میں محلے داروں ںسمیت شہریوں نے متعلقہ تھانوں کی پولیس کو متعدد بار زبانی و تحریری طور پر آگاہ کیا، مگر چونکہ ایس ایچ اوز حضرات ان سے مبینہ طور پہ ماہانہ لاکھوں روپے منتھلی وصول کرتے ہیں، رشوت کی بیڑی پاﺅں پر بندھی ہونے کی وجہ سے پولیس ٹس سے مس نہیں ہوتی۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب ،سی سی پی او لا ہور اور ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر اور ملحقہ آبادیوں میں رات گئے تک کھلے رہنے والے ان جوئے کے اڈوں کو ختم کروانے کے احکامات جاری کریں تا کہ سکولوں، کالجوں سے بھاگنے والے طالبعلموں کی بڑی تعدادان غیر نصابی سرگرمیوں سے محفوظ رہ سکیں اور نوجوان نسل کا مستقبل محفوظ ہوسکے۔
نوجوانوں، بچوں میں جواءکھیلنے کے رجحان میں اضافہ
















