لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے کے تمام تھانوں کے محرر اور نائب محرران کے نام ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ پولیس فورس کا بنیادی ورکنگ یونٹ تھانہ ہے جس کا نظام چلانے میں محرر اور نائب محرر کا کردار بنیادی نوعیت کا حامل ہے، آئی جی پنجاب نے کہاکہ ایس ایچ اوز کی بھرپور مصروفیت میں تھانوں کا انتظام چلانے کی ساری ذمہ داری محررو نائب محرران پر آن پڑتی ہے جسے وہ بھرپور لگن اور ذمہ داری سے ادا کر رہے ہیں،صوبے کے تمام تھانوں کی سپیشل انیشئیٹو پروٹوکول پر منتقلی بھی محرر اور نائب محرر کی ان تھک محنت کے بغیر ممکن نہ تھی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ میں بحیثیت آئی جی پنجاب صوبے کے تمام تھانوں کے محرران اور نائب محرران کا بہترین خدمات پر شکریہ ادا کرتا ہوں، تھانوں کی سپیشل انیشئیٹو پروٹوکول پر منتقلی میں محرران اور انکی فیملیز کے جدید آئیڈیاز نے کمال کرکے دکھا دیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے خصوصی پیغام میں محرران و نائب محرران کے نام دو اہم ذمہ داریاں بھی تفویض کیں۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ تھانوں میں سپیشل انیشئیٹو ایس او پیز کے تحت شہریوں کو خدمات کی باآسانی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ ساتھ ہی ساتھ سپیشل انیشئیٹو پروٹوکول پولیس سٹیشن میں دستیاب سہولیات اور خوبصورتی کو برقرار رکھنا بھی محرران کی ذمہ داری ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ امید ہے کہ صوبے کے تمام محرران و نائب محرران یہ اہم ذمہ داریاں بھی بطریق احسن سر انجام دیں گے اورخوش اخلاقی کے ساتھ شہریوں کو انصاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ تھانوں کی مزید خوبصورت بنانے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔
پولیس تھانوں کا نظام چلانے میں محرر اور نائب کا کلیدی کردار ہے :آئی جی پنجاب
















