لاہور (اپنے رپورٹر سے) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ قوم جانتی ہے ہم نے ہمیشہ ملک کے مفاد کیلئے کام کیا۔مرکزی مسلم لیگ کا کردار ہمیشہ قوم کی خدمت اور ملک کی حفاظت کا کردار رہا ہے۔قوم اپنے ہمدردوں، خیرخواہوں اور اپنے مجرموں کے درمیان فرق کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ این اے 130 میں جاری مختلف کارنر میٹنگ میں شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف سپورٹر حبیب الرحمن چیمہ،امیدوار پی پی 173 حافظ راشد اور امیدوار پی پی 174 ناصر محمود گھمن بھی ہمراہ تھے۔ صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو کا مزید گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ کسی سے نہیں پاکستان کو تنزلی کے راستے پر ڈالنے والوں سے ہے۔تمام سیاسی جماعتیں اور سیاستدان اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانے میں ناکام رہے ہیں جنہوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا ۔ آج وہی لوگ دوبارہ اقتدار کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ قوم اپنوں اور بیگانوں کے چہرے پہچان چکی ہے۔ مرکزی مسلم لیگ قوم سے اپیل کرتی ہے کہ 8 فروری کو ایماندار اور محب وطن قیادت کو منتخب کرکے ملکی سالمیت کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
قوم جانتی ہے ہم نے ہمیشہ ملکی مفاد کیلئے کام کیا ہے: خالد مسعود سندھو
















