شیر بلی بن کر چھپ گیا، کسی اور سے الیکشن جتوانے کی امید لگائے بیٹھا ہے:بلاول بھٹو

بدین،سانگھڑ:(مشرق نیوز)سابق وزیر خارجہ وچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے شیر بلی بن کر گھر میں چھپ گیا، کسی اور سے الیکشن جتوانے کی امید لگائے بیٹھاہے،شیر عوام کا خون چوستا ہے ، چوتھی بار وزیراعظم نہیں بننے دیں گے۔


بدین،سانگھڑ میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاجدوجہد کررہے ہیں 8 فروری کو پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت ، کسانوں، مزدروں کی حکومت بنے، عوامی راج قائم ہو، مہنگائی، غربت و بیروزگاری تاریخی سطح پر جاپہنچی،آپ موقع دیں گے تو اپنے 10نکاتی معاشی معاہدے پر عملدرآمد کروں گا، دوسری طرف ایک صاحب چوتھی بار وزیراعظم بننا چاہتے ہیں، صاحب کے پاس کوئی منشور ہے نہ نظریہ۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاتیر سے شیر کا شکار کر کے راستہ روکیں گے، چوتھی بار وزیر اعظم نہیں بننے دیں گے،عوام کی ترقی کا بندوبست کرنا ہے،میں وزیراعظم کیلئے پارٹی کا نامزد امیدوار ہوں، اپنا منشور لیکر جگہ جگہ عوام کے پاس جارہا ہوں، مخالفین نفرت کی سیاست کر کے عوام کو نقصان پہنچارہے ہیں، عوام کی کوئی فکر نہیں، کرسی پر چوتھی بار بیٹھنے کی فکر ہے،پیپلز پارٹی کوغربت، بھوک اور بیروزگاری کی فکر ہے،میرے تمام بھائی گھر گھر جائیں اور عوامی معاشی معاہدہ دکھائیں، وعدہ ہے غریب عوام کو 300یونٹ مفت بجلی پہنچاو¿ں گا، تاریخ گواہ ہے جب بھی موقع ملا عوام، غریب اور کسان کی خدمت کی گئی۔

بلاول بھٹو نے کہاالیکشن میں 2جماعتیں آپس میں مقابلہ کررہی ہیں، تمام کارکنوں، جمہوریت پر یقین رکھنے والوں کو کہتے ہیں ساتھ دیں، ایک شخص کو3بار موقع دیا جاتا ہے تو ناکام ہوتا ہے پھر کس خوشی میں چوتھی بار تسلیم کریں؟، قائد عوام نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ دیا، پیپلز پارٹی نعرہ ، وعدہ پورا کرنا چاہتی ہے، سندھ میں سیلاب متاثرین کیلئے گھر بنارہے ہیں، متاثرین کو گھر کےساتھ خواتین کو مالکانہ حقوق دے رہے ہیں، آپ میرا موقف گھر گھر پہنچائیں، وعدہ ہے غربت کا مقابلہ کرنے کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ ،عوام کو بلاسود قرضہ دلوائیں گے، مزدوروں ،محنت کشوں کیلئے بینظیر مزدور کارڈ لائیں گے۔

چیئرمین پی پی نے کہانوجوانوں کیلئے یوتھ کارڈ لیکر آئیں گے، مالی مدد دیں گے، نوجوانوں کو سکلز دیں گے جس سے روزگار مل سکے، یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاو پروگرام چلائیں گے تاکہ ملک کا کوئی بچہ بھوکا نہ سوئے، آپ نئی سوچ و سیاست کا ساتھ دیں جو عوام کو جوڑتے ہیں، باقی سیاستدان آپس میں لڑرہے ہیں، میں آپ کےلئے لڑرہا ہوں، تیر پر ٹھپہ لگائیں مجھے جتوائیں میں آپ کا نمائندہ بنوں گا، پیپلز پارٹی کی حکومت بنی تواسلام آباد میں بیٹھ کر عوام کیلئے فیصلے کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہاچوتھی بار وزیراعظم بننے کی کوشش کرنے والے کے پاس منشور تک نہیں، میں دائیں بائیں نہیں دیکھتا، عوام پر بھروسہ کرتا ہوں،مجھے پچھلے الیکشن سے بھی زیادہ نشستیں دلائیں، کراچی اور حیدر آباد سے قومی اسمبلی کی نشستیں جیتیں تو جیالا وزیراعظم ہوگایہ وہ شیر ہے جو کسانوں کا خون چوستا ہے، آپ جتنی طاقت مجھے دیں گے میں اتنی طاقت سے آپ کا کام کروں گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا ن لیگ پنجاب میں شیر، سندھ میں ستارے کے نشان پر الیکشن لڑرہی ہے، باقی جماعتیں امیروں کی نمائندگی کرتی ہیں لیکن پیپلزپارٹی عوام کی نمائندگی کرتی ہے،چوتھی بار وزیراعظم مسلط ہونے والے سے منشور پوچھیں، کوئی جیل جانے سے بچنے اور کوئی باہر آنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے،پیپلز پارٹی کو جتوائیں گے تو سندھ کا چہرہ تبدیل کر دیں گے، پہلا وعدہ ہے عوام کی آمدن دگنی کریں گے،17وزارتیں بند کرکے سالانہ 300 ارب بچا کرعوام پرلگائیں گے،ن لیگ ،جی ڈی اے 18 ویں ترمیم پر ڈاکہ مارنا چاہتی ہیں،عوام کا حق اسلام آباد سے چھین کردوں گا۔