اسٹیبلشمنٹ کا کندھا استعمال کرنے کی بات بے بنیاد،عوام کافیصلہ قبول ہوگا،شہبازشریف

لاہور: (اپنے رپورٹر سے)سابق وزیراعظم وصدر ن لیگ شہباز شریف نے واضح کیا ہے اسٹیبلشمنٹ کا کندھا استعمال کرنے کی بات بے بنیاد ہے ،جو کچھ ماضی میں ہوا سب اس سے آگاہ ہیں، لاڈلہ نوازشریف نہیں کوئی اور رہا ہے،ہم سے شیر کا نشان چھینا گیا ،”بلا“ چھن گیا تو اس کے قصور وار ہم نہیں ،پی ٹی آئی دور میں شدید ترین مہنگائی کا طوفان آیا ،آئی ایم ایف کے معاہدے کو توڑا گیا،سفارتی تعلقات مجروح ہوئے ،معاشرے میں زہر گھول کر تقسیم در تقسیم کر دی گئی ،ثاقب نثار جو مہرہ تھا اس کے ذریعے نوازشریف حکومت کا تختہ نہ الٹا جاتا تو پاکستان شدید معاشی چیلنجز میں گھرا نہ ہوتا۔

شہبازشریف نے کہانفرت کو ختم کرکے قوم کو اکٹھا کریں گے ،ملکر محنت کرکے ملک کو پاﺅں پر کھڑا کریں گے،ملکی ترقی کےلئے چارٹر آف اکانومی کرنا ہوگا،آئندہ انتخابات پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے ،8 فروری کو عوام اپنے ووٹوں سے فیصلہ کریں گے کہ پاکستان کا مستقبل کس جگہ کھڑا ہوگا،عوام ماضی میں جھانکیں گے اور مستقبل کا نقشہ کھینچیں گے اور انکا فیصلہ قابل قبول ہوگا،ملک کی ترقی ایک چیلنج ہے عصر حاضر میں قومیں شکست سے دوچار ہوئیں جب ہمت کی تو دوبارہ دنیا کے افق پر آب و تاب سے چمکیں، ہم بھی تمام تر مشکلات سے مایوسی کو ختم کریں گے ،8 فروری کے سفر کو جسے 2017میں ختم کیا اسے دوبارہ شروع کریں گے،ایک دن آئے گا جب کشکول ٹوٹ جائے گا ،ہماری سمت درست ہو گی ،نفرت پھیلانے کے بجائے محبتیں بانٹیں۔

ماڈل ٹاﺅن میں ن لیگ بیٹ رپورٹرز اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران سابق وزیر اعظم نے کہا نوازشریف نے لوڈ شیڈنگ کو ختم کیا ،دہشت گردی کا خاتمہ کیا، نوازشریف نے کہا تھا کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کےلئے کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا ،نواز شریف کے دور میں زراعت ،صنعت نے ترقی کی ،سالانہ جی ڈی پی6 فیصد سے آگے چلی گئی تھی ،اندازے تھے آئندہ 5سال میں ملک کو ترقی کی بلندیوں پر لے جائیں گے ،ثاقب نثار جو مہرہ تھا اس کے ذریعے نوازشریف حکومت کا تختہ نہ الٹا جاتا تو آج پاکستان شدید معاشی چیلنجز میں گھرا نہ ہوتا۔

شہباز شریف نے کہا پی ٹی آئی دور میں شدید ترین مہنگائی کا طوفان آیا ،آئی ایم ایف کے معاہدے کو توڑا گیا،سفارتی تعلقات مجروح ہوئے ،معاشرے میں زہر گھول کر تقسیم در تقسیم کر دی گئی جو ایک دو سال میں ختم نہیں ہوگی لیکن ہم نفرت کو ختم کرکے قوم کو اکٹھا کریں گے ، 4 سالہ دور کی مس مینجمنٹ کو جب 16 ماہ میں سنبھالا تو ہر جگہ مارا مارا پھرا، پی ٹی آئی ورثہ میں جو مہنگائی ملی آئی ایم ایف کا معاہدہ تھا اگر اس معاہدہ پر عمل نہ کرتے تو ملک بدحال ہوجاتا ہے، غریب کےلئے پاکستان شجرہ ممنوع ہے اگر نوازشریف آگئے تو امیر و غریب میں فاصلہ کم کریں گے، غریب کو خوشحال کریں گے، اگر خدانخواستہ ہم کامیاب نہیں ہوتے ایسا عوامی سیلاب آ جائے گا جو ہر چیز کو بہا کر لے جائے گا۔

دریں اثنا پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا 8 فروری کو عوام ماضی میں جھانک کر مستقبل کا نقشہ کھینچیں گے، خوشحالی اور ترقی کیلئے ووٹ دیں، انتخابات کی آمد آمد ہے، 8 فروری کو عوام اپنے ووٹوں سے فیصلہ کریں گے، پاکستان کے عوام ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا حق استعمال کریں گے، عوام ماضی میں جھانکیں گے اور مستقبل کا نقشہ کھینچیں گے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا ن لیگ نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے، 2017ءمیں نوازشریف کی شبانہ روز محنت سے پاکستان ترقی کی طرف تیزی سے گامزن تھا، میری نظرمیں یہ انتخابات پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے،2018ءکے بعد جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے،کامیاب نہ ہوئے تو عوامی سیلاب سب کچھ بہالےجائے گا۔