منشیات ،کلاشنکوف نے پاکستان کو تباہ کردیا،کلچر کو ختم کرنا ہوگا: سپریم کورٹ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاہے پاکستان سے کلاشنکوف کلچر کو ختم کرنا ہوگا،سپریم کورٹ میں 3رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی،سپریم کورٹ نے چوری کے الزام میں نامزد ملزم کاشف کی ضمانت کیس کے موقع پر ملک بھر میں ممنوعہ اسلحہ کے لائسنس جاری ہونے کی تفصیلات طلب کرلیں،سیکرٹری داخلہ ،تمام محکمہ داخلہ سیکرٹریز ،آئی جیز،اٹارنی جنرل، صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو بھی نوٹس جاری کردئیے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے جس کے گھر سے اسلحہ چوری ہوا پولیس نے لائسنس تک کا نہیں پوچھا، مالک خود اقرار کررہا ہے 2 کلاشنکوف اور ایک پستول سمیت دیگر قیمتی چیزیں چوری ہوئیں،چیف جسٹس نے کہا مجھے بھی آفر کی جاتی رہی کہ آپ کلاشنکوف کا لائسنس لیں، منشیات اور کلاشنکوف نے پاکستان کو تباہ کردیا،قاضی فائز عیسیٰ نے کہا اس طرح کالے شیشے لگا کر بڑی بڑی گاڑیوں میں کلاشنکوف لے کر دنیا میں کہیں کوئی نہیں گھومتا۔

چیف جسٹس نے درخواست گزار سے مکالمہ کیا آپ کے پاس کلاشنکوف کہاں سے آئی؟چیف جسٹس نے سوال کیا کہ آئی جی ایسے کلاشنکوف کے کاغذ دے رہے ہیں تو کیوں ناں ان کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے؟ ہم سیکریٹری داخلہ کو لکھ دیتے ہیں تمام کلاشنکوف اور ان کے لائسنس واپس کریں، سکول اور بازار جاو¿ تو لوگ کلاشنکوف لے کر کھڑے نظر آتے ہیں، ڈرتے ہیں تو گھروں میں رہیں، باہر اس لیے نکلتے ہیں کہ لوگوں کو ڈرایا جائے اور اپنا اثر و رسوخ دکھا سکیں،چیف جسٹس نے کہا اسلام آباد میں کلاشنکوف لے کر گھروں کے باہر گارڈ کھڑے ہیں، کالے شیشے کے ساتھ لوگ کلاشنکوف لے کر جاتے ہیں اور پولیس کی ان سے پوچھنے کی ہمت نہیں ہوتی۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کیسے پتہ ہوگا کلاشنکوف والے دہشتگرد تھے یا کوئی اور تھے، بغیر لائسنس کا اسلحہ رکھنا جرم ہے اور پولیس نے انکوائری میں مالک سے پوچھا تک نہیں،بعدازاں سپریم کورٹ نے ملزم کاشف کی 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منطور کرلی۔

دوسری جانب سپریم کورٹ نے انٹیلی جنس بیورو کے ملازم کی بحالی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کی نوکری کا ایک معیار ہوتا ہے، آپ اس نوکری کے بجائے کوئی اور دھندا کر لیں،انٹیلی جنس بیورو کے انسپکٹر کی برطرفی کےخلاف درخواست پر سماعت پرچیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔