نوڈیرو ،لاڑکانہ:(مشرق نیوز)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے چوتھی باری قبول نہیں،ایک شخص کو پھر مسلط کیا گیا توعوام نقصان اٹھائیں گے۔
بھٹو ہاﺅس نوڈیرو میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاآپ نے 2018 میں قومی اسمبلی بھیجا، پہلے دن ہی سلیکٹڈ راج کو دنیا کے آگے بے نقاب اورعوام کے حق پر ڈاکہ مارنے والوں کاڈٹ کر مقابلہ کیا،پیپلزپارٹی جمہوریت پریقین رکھتی ہے، سازش کی جارہی تھی ایک بار پھرون یونٹ قائم کیا جائے،ملکر سازش کوناکام بنایا، امیرالمومنین بننے کی سازشوں کوبھی ناکام کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا ایک طرف معاشی بحران تو دوسری جانب معاشرہ نفرت و تقسیم کا شکار ہے، امن و امان کی صورتحال بھی خراب ہے، افغانستان کے حالات کے اثرات کچے کے علاقے سے لےکر خیبرپختونخوا تک نظر آرہے ہیں، پاکستانی عوام نتائج کو بھگت رہے ہیں،کسی کو کوئی احساس نہیں،اندازہ نہیں اسلام آباد میں کیے گئے فیصلوں کی وجہ سے ملک میں ریکارڈ مہنگائی، بےروزگاری ، غربت کا بوجھ عوام کو اٹھانا پڑتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہانفرت کی سیاست کا اثر ہر گھر میں پہنچ رہا ہے، گالی گلوچ کی سیاست اب ذاتی دشمنی کی سیاست تک جاپہنچی،سمجھنا چاہیے جو آج مخالف کےساتھ ہو رہا ہے وہ کل خود ان کےساتھ بھی ہوگا،آپ ساتھ دیں گے تو میں ملک کا نوجوان وزیراعظم بنوں گا،عوام ساتھ تھے تو شہید بینظیر بھٹو مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں،سیاسی عدم استحکام معاشی عدم استحکام کےساتھ جڑا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہادہشتگرد تنظیموں نے بینظیر بھٹو کو شہید کرایا،دہشتگرد تنظیموں نے 18اکتوبر کا سانحہ کیا،اے پی ایس میں خون کی ندیاں بہائیں،پولیس ،شہریوں نے قربانیاں دیکر دہشتگردوں کو ختم کیا تھا، دہشتگرد پھر سر اٹھا رہے ہیںہم نے دہشتگردوں کو دعوت دی فاٹا ،کراچی میں رہیں، تب سوچا ہی نہیں جب کابل جاکر چائے پی رہے تھے اقدام سے پاکستان کو کیا بوجھ اٹھانا پڑے گا،طالبان کیخلاف استعمال ہونےوالاامریکی اسلحہ اب پاکستان کی دہشتگرد تنظیموں کے پاس ہے۔
بلاول بھٹو نے کہاپاکستان کو پہلے سے زیادہ بچائیں گے، 8 فروری کو عوام نئی سوچ چنیں گے،ایک ہوکر مسائل کا سامنا کرکے فتح سمیٹیں گے،8فروری کو ہمیشہ کیلئے نفرت ،تقسیم کی سیاست کو ختم کریں گے،عوامی حکومت بناکرپاکستان کو معاشی ،سیاسی بحران سے نکالیں گے، دہشتگردی کابڑھتا عفریت ختم کریں گے،سابق وزیر خارجہ نے کہا مقابلہ کسی سیاسی جماعت ،سیاستدان نہیں، غربت ،بیروزگار ی سے ہے،غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہوتے جارہے ہیں،نہیں سوچتے بانی پی ٹی آئی یا شہبازشریف نے اپنے حلقے میں کیا کیا۔
لاڑکانہ میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا پیپلزپارٹی کی حکومت آئی تو غربت ، مہنگائی میں کمی ہوگی،بچوں کو مفت تعلیم،غریبوں کو مالکانہ حقوق پر مکان بنا کر دیں گے،ملک میں 9 کروڑ 30 لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، عوام کیلئے منشور میں کئی منصوبے لےکر آ رہے ہیں،سرمایہ کاری،ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے پر کام ہوگا۔
چیئرمین پی پی نے کہا پی ایس ڈی پی کے سٹرکچر کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو بڑھایا جائے گا، مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی عوام کا حق ہے، متبادل توانائی منصوبوں پر کام کریں گے، سولر انرجی کے ذریعے 300 یونٹ تک بجلی مفت فراہم،ہر ضلع میں یونیورسٹی بنائیں گے،ملک بھر میں کچی آبادیوں کو ریگولرائز کریں گے، کچے کے لوگ ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوں، کچے کی خواتین کو بھی مالکانہ حقوق دلائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہاگھر لینا بہت مشکل ہو چکا،نوجوانوں کو قرض فراہم ،چھوٹے کسانوں، ہاریوں کی رجسٹریشن کرا کر ہاری کارڈ دلوائیں گے،پورے پاکستان میں فری ادویات اور علاج ہوگا،عوامی منصوبے منشور کا حصہ ہیں، روزگار کی فراہمی کیلئے چھوٹی صنعتوں کو فروغ دیا جائےگا، ہماری حکومت ہر سال ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرے گی۔
چوتھی باری قبول نہیں، پھر مسلط کیا گیا توعوام نقصان اٹھائیں گے،بلاول
















