غیر شرعی نکاح کیس میں عمران ،بشریٰ پر فرد جرم عائد

اسلام آباد، راولپنڈی: (بیورو رپورٹ) عدالت نے غیر شرعی نکاح کیس میں عمران خان، بشریٰ بی بی پر فردجرم عائد کردی۔ دونوں ملزموںنے صحت جرم سے انکار کردیا۔ اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران سینئر سول جج قدرت نے فردجرم پڑھ کر سنائی۔

بانی پی ٹی آئی کمرہ عدالت میں موجود تھے، عدالت نے بشریٰ بی بی کی غیرموجودگی پر اظہار برہمی کیا اور استثنیٰ درخواست خارج کردی۔ سینئر سول جج نے کہا بشریٰ بی بی کو طلب کیا، کس کی اجازت سے کمرہ عدالت سے چلی گئیں؟ عدالت نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی پتہ کریں بشریٰ بی بی جیل میں کب داخل ہوئیں اور باہر گئیں، جیل انتظامیہ نے بتایا بشریٰ بی بی 11.30 پر داخل ہوئیں، 1.45 پر چلی گئیں۔ وکیل عثمان گل نے عدالتی استفسار پر بتایا بشریٰ بی بی طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال گئیں۔

عدالت نے کہا گزشتہ روز بشریٰ بی بی کے وارنٹ آرڈر لکھے، آپ کی درخواست پر جاری نہیں کئے، آپ بار بار میڈیکل رپورٹ پیش کرکے استثنیٰ مانگ رہے ہیں۔ پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے بشریٰ بی بی کی میڈیکل رپورٹ پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا میڈیکل رپورٹ میں کسی ٹریٹمنٹ کا کوئی ذکر نہیں، عدالت نے کہا استثنیٰ عدالت میں موجود ہونے والوں کا مانگا جاتا ہے، ملزمہ کو طلب کیا تھا کس کی اجازت سے عدالت چھوڑ کرگئیں، بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں بلائیں، چارج فریم ہوگا۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو روسٹرم پر بلایا، عمران خان نے جج سے کہا مجھے لیگل ٹرمز کا پتہ نہیں، میرا وکیل مجھے سمجھائے تو چارج شیٹ پر دستخط کروں گا، 6 سال بعد مانیکا کو یاد آیا نکاح غیرشرعی تھا، بعدازاں وکلا سے مشاورت کے بعد بانی پی ٹی آئی نے چارج شیٹ پر دستخط کردئیے۔ عدالت نے مزید سماعت 18 جنوری تک ملتوی کردی۔

دریں اثنا آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سائفر کیس پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے استغاثہ کے مزید 6 گواہوں کے بیانات قلمبند کئے، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ذوالقرنین سکندر، شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری پیش ہوئے۔ عدالت نے مزید سماعت 18 جنوری تک ملتوی کردی۔

ادھر سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خانہ اور 190 ملین پاو¿نڈ نیب مقدمات میں جیل ٹرائل اسلام آباد ہائیکورٹ میںچیلنج کردیا۔ موقف اپنایا گیا 14 نومبر کو جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن غیرقانونی و بدنیتی پر مبنی ہیں، نوٹیفکیشنز کو کالعدم قرار دیا جائے، بانی پی ٹی آئی نے استدعا کی درخواست کے زیر التوا رہنے تک ٹرائل کورٹ کی کارروائی کو روکا جائے۔ بانی پی ٹی آئی نے درخواستوں میں چیئرمین نیب و دیگر کو فریق بنایا۔

مزید برآں توہین الیکشن کمیشن، چیف الیکشن کمشنر کیسز کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین کی الیکشن کمیشن ممبران سے تلخ کلامی ہوگئی، شعیب شاہین نے کہا نوٹس ہی نہیں ملا، صبح ٹی وی سے معلوم ہوا سماعت ہے، ممبر الیکشن کمیشن نے سوال کیا ڈی ڈی لا آپ نے نوٹس کیا تھا؟ ڈی ڈی لا الیکشن کمیشن نے جواب دیا جیل میں تاریخ کا اعلان ہوگیا تھا۔ وکیل شعیب شاہین نے کہا کیس کو ملتوی کردیں، آپ تنقید کا حق بھی چھین رہے ہیں، بلے کا نشان چھین لیا اب الیکشن کے دنوں میں ہمارے لیڈر کو توہین الیکشن کمیشن کی سزا ہوجائیگی۔

ممبر الیکشن کمیشن نے شعیب شاہین کو جواب دیتے ہوئے کہا ہم نے چھینا نہیں، آپکو دیا نہیں تھا کیس کو 2 سال ہوگئے تب آپکی حکومت تھی۔ وکیل شعیب شاہین نے کہا اللہ کرے فیصلہ آئین، قانون کے مطابق ہو، ہمارے اندر لاوا پکا ہے، اظہار نہ کریں، رحیم یار خان میں وکیلوں پر پرچہ ہوا۔ ممبر الیکشن کمیشن نے کہا آپ کے وکلا نے حملہ کیا تھا، تنقید ہونی چاہئے، گالی تو نہیں، کیسز 2021 سے پڑے ہیں، آپ نے کیس کو اتنا طول دےدیا، جیل میں جو ہوا خاموش رہے، جیسے جوابدہ نے کیا ایسا پہلے نہیں دیکھا، بہت کچھ کرسکتے تھے۔ الیکشن کمیشن نے سماعت 24 جنوری تک ملتوی کر دی۔

علاوہ ازیںڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے جعلی رسیدوں کے کیس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دےدی۔