ججز کیخلاف مذموم مہم چلانےوالوں کیخلاف کارروائی کیلئے 6رکنی جے آئی ٹی تشکیل

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)حکومت نے سپریم کورٹ کے ججز کیخلاف سوشل میڈیا پر مذموم مہم چلانےوالوں کیخلاف کارروائی کیلئے 6رکنی جے آئی ٹی تشکیل دیدی ۔

وزارت داخلہ کے مطابق ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ جے آئی ٹی کے کنونیئر ہوں گے،آئی بی ، آئی ایس آئی نمائندے ،ڈی آئی جی اسلام آباد ،پی ٹی اے کا نمائندہ جے آئی ٹی کاحصہ ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا جے آئی ٹی میں شامل آئی بی ،آئی ایس آئی کا نمائندہ گریڈ 20 کا افسر ہوگا،جے آئی ٹی15روز میں رپورٹ مرتب، ملزموں کی شناخت کرکے قانون کے کٹہرے میں لائے گی اور مستقبل میں واقعات کی روک تھام کیلئے سفارشات دے گی،مذموم مہم چلانےوالوں کیخلاف چالان عدالتوں میں پیش کیے جائیں گے،جے آئی ٹی سے کہا گیا وزارت داخلہ کو فوری طور پر ابتدائی رپورٹ جمع کرا ئی جائے ، ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز جے آئی ٹی کو تعاون فراہم کرےگا۔

دوسری جانب و کلا کی 2بڑی تنظیمیں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے حق میں میدان میں آگئیں۔

مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب صدرپاکستان بار کونسل ہارون الرشید نے کہاپی ٹی اے ،ایف آئی اے چیف جسٹس کےخلاف مہم پر خاموش تماشائی نہ بنے،پی ٹی آئی کو لانےوالی طاقتوں نے ہی واپس بھیجا،سپریم کورٹ کے فیصلے میں کوئی قانونی سقم ہے تو بتائیں،بندیال دور میں پی ٹی آئی کے حق میں فیصلے ہونے پر نعرے لگاتے تھے، وکلا،قوم سے التماس ہے تنقید فیصلے پر کریں ججز کی تضحیک نہ کریں۔

سپریم کورٹ بار کے صدر شہزاد شوکت نے کہا ججز کےساتھ کھڑے ہیں، ملک میں ججز کے خلاف مہم جوئی کی بدقسمت روایت چل پڑی ، فیصلے پر تنقید کرنے کی بجائے ججز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، سپریم ،پاکستان بار سمیت وکلا ججز پر تنقید برداشت نہیں کریں گے،ججز کی شخصیات کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار حسن رضا پاشا نے کہا ایک شخص کو عدالت نے معصوم کہا تو ایک جماعت کی ٹرولنگ شروع ہو گئی، جب تک کسی پر جرم ثابت نہ ہو وہ قانون کی نظر میں معصوم ہی ہوتا ہے، سائفر کیس میں ابھی جرم ثابت نہیں ہوا تو کہہ دیا سپریم کورٹ معصوم ڈکلیئر کر رہی ہے،سینئر وکلا کی جانب سے بلاوجہ تنقید کو بار کونسلز برداشت نہیں کریں گی،سپریم کورٹ تنقید کرنے والوں کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔