”آپ نے فیلڈ ہی چھین لی“،PTIکا3رکنی بنچ پر عدم اعتماد

اسلام آباد،پشاور:(بیورورپورٹ)”آپ نے فیلڈ ہی چھین لی“،پی ٹی آئی کا3رکنی بنچ پر عدم اعتماد،الیکشن کمیشن کیخلاف درخواست واپس لے لی،”بلا“کیس فیصلے پر نظرثانی اپیل دائر کرنے کااعلان کردیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے پر الیکشن کمیشن کیخلاف پی ٹی آئی کی توہین عدالت درخواست پر سماعت کی،دوران سماعت پی ٹی آئی وکیل لطیف کھوسہ نے کہا الیکشن کمیشن کےخلاف توہین عدالت کی درخواست واپس لے رہے ہیں، جمہوریت کی بقا کیلئے عوام کی عدالت میں جانا پسند کریں گے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا آپ کیس چلانا چاہتے ہیں یا نہیں؟،لطیف کھوسہ نے کہا آپ کی بہت مہربانی بہت شکریہ، مجھے ہدایات ملی ہیں درخواست واپس لے لی جائے،آپ کے فیصلے نے 230 سے زائد نشستیں چھن لیں، آپ کی عدالت میں لیول پلیئنگ فیلڈ کیلئے آئے تھے،آپ نے توفیلڈ ہی چھین لی،فیصلے سے پی ٹی آئی کا شیرازہ بکھر گیا، اب کیا توقع کریں لیول پلیئنگ فیلڈ ملے گی، آپ کی عدالت میں کیس نہیں لڑنا چاہتے، چیف جسٹس نے کہافیصلہ ماننا ہے مانیں، نہیں ماننا تو آپ کی مرضی۔

لطیف کھوسہ نے کہا الیکشن کمیشن صرف انتخابی نشان واپس لے سکتا ہے، ایک جماعت کو پارلیمان سے باہرکرکے پابندی لگائی جا رہی ہے، پی ٹی آئی کے تمام امیدوار آزاد انتخابات لڑیں گے اورکنفیوژن کا شکارہوں گے،جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کیا آپ کو لگتا ہے انتخابات شفاف نہیں ؟ لطیف کھوسہ نے جواب دیا انتخابات بالکل غیرمنصفانہ ہیں، عدلیہ کیلئے خون دیا، قربانیاں دیں۔

چیف جسٹس نے لطیف کھوسہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا اب آپ ہمیں بھی بولنے کی اجازت دیں، دوسرے کیس کی بات کرنا مناسب نہیں ، سپریم کورٹ کے فیصلے کا ملبہ ہم پرنہ ڈالیں،لطیف کھوسہ نے کہاعدالت کے فیصلے سے جمہوریت تباہ ہو جائےگی ،چیف جسٹس نے کہا بار بار کہا تھا انٹراپارٹی انتخابات کا ہونا دکھا دیں، آپ کو فیصلہ پسند نہیں تو کچھ نہیں کر سکتے، لیول پلیئنگ فیلڈ پر حکم جاری کیا تھا، عدالت حکم دے سکتی ہے حکومت نہیں بن سکتی، بیرسٹر گوہر کے معاملے پر پولیس اہلکار معطل ہوگئے، کام قانون کے مطابق انتخابات کرانا ہے۔

جسٹس قاضی فائز نے کہاالیکشن کا معاملہ اٹھایا، پی ٹی آئی کی درخواست پر 12دن میں تاریخ مقرر کی گئی، الیکشن کمیشن کہتا رہا پارٹی انتخابات کرائیں لیکن نہیں کرائے گئے، کسی اور سیاسی جماعت پر اعتراض ہے تو درخواست لے آئیں،چیف جسٹس نے کہا قانون ہم نہیں بناتے ، قانون پر عمل کراتے ہیں، آپ کو قانون نہیں پسند تو بدل دیں،لطیف کھوسہ نے کہا عوامی نیشنل پارٹی کو الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان واپس دیا، تحریک انصاف کو کیوں نہیں؟ ۔

چیف جسٹس نے کہا پتہ چلا ہے عوامی نیشنل پارٹی کے آئین کے مطابق ابھی وقت موجود تھا اسی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے عوامی نیشنل پارٹی کو نشان واپس لوٹایا، لطیف کھوسہ صاحب درست طریقہ کار نہیں ، آپ سینئر وکیل ہیں، آپ پاکستان کے سارے ادارے تباہ کر رہے ہیں،لطیف کھوسہ نے کہا جس جماعت سے اتحاد کیا اس کے سربراہ کو اٹھا لیا گیا اور پریس کانفرنس کرائی گئی، اتحاد کرنے پر بھی مقدمات بنانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، آپ کے فیصلے نے پارلیمانی سیاست سے نکال دیا،پی ٹی آئی کے لوگ آزاد انتخابات لڑیں گے۔

وکیل پی ٹی آئی نے چیف جسٹس سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی امیدواروں میں سے کسی کو ڈونگا،کسی کو گلاس دے دیا گیا، آپ کے پاس آئین کے آرٹیکل187 کے تحت اختیار ہیں، آپ احکامات دے سکتے ہیں،جسٹس مسرت ہلالی نے لطیف کھوسہ سے استفسار کیا آپ بتا رہے تھے آپ نے کسی جماعت سے اتحاد کیا ،لطیف کھوسہ نے کہاوہی تو بتا رہا ہوں اتحاد بھی نہیں کرنے دیا گیا،جسٹس مسرت نے استفسار کیا کیا الیکشن کمیشن فئیر نہیں؟ ، کیا الیکشن کمیشن ایک پارٹی کے پیچھے بھاگ رہا ہے، دوسری سیاسی جماعتیں نظر نہیں آتیں؟،بعدازاں ، سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔

علاوہ ازیںپی ٹی آئی نے پشاور ہائیکورٹ سے بھی الیکشن کمیشن کےخلاف توہین عدالت کیس واپس لے لیا،عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کےخلاف توہین عدالت کیس دائر کیا گیا تھا۔


دریں اثنا سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا عدالتی فیصلے سے جمہوریت تباہ ہوئی ،بقا کیلئے عوامی عدالت میں جانا پسند کریں گے، لیول پلیئنگ کیلئے عدالت گئے ،فیلڈ ہی چھین لی گئی،دسمبر 2023 کے فیصلے کے تناظر میں عدالت آئے تھے، الیکشن میں مساوی مواقع کی بجائے پی ٹی آئی وکلا،رہنماو¿ں کو اٹھایا گیا، کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکا گیا۔

وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کسی ضلع میں جلسے نہیں کرنے دیئے گئے، جلسے کی کوشش کرنےوالے کے گھر پرحملے کرتے ہیں، سب معاملات سپریم کورٹ میں لائے،میرے بیٹے کو گرفتار کیا، پولیس کہتی ہے کچھ نہیں ہوا، چیف جسٹس کی عظمت کو سلام، وہ کہتے ہیں میں ٹی وی نہیں دیکھتا،پی ٹی آئی رہنما نے کہا عدالتی فیصلے کی وجہ سے مخصوص نشستیں اڑا دی گئیں، پیپلز پارٹی بھی پیپلز پارٹی پارلیمنٹیریز کے ساتھ انتخابی الائنس کرتی ہے،پی ٹی آئی نظریاتی کے چیئرمین نے 7 سیٹیں مانگی تھیں، 7 سیٹیں دینے کا معاہدہ ہوا، ٹکٹوں پر دستخط کیے گئے، معاہدے کے بعد پی ٹی آئی نظریاتی کے چیئرمین کو اٹھا لیا گیا، پی ٹی آئی نظریاتی کے چیئرمین کو ٹی وی پر لاکر بیان دلایا گیا دستخط جعلی ہیں،عوام کی عدالت میں جا رہے ہیں، الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں۔

لطیف کھوسہ نے کہامیں نے اسی طرح کا انٹرا پارٹی الیکشن پیپلز پارٹی میں بھی کرایا، بلاول بھٹو ، میرے نام پر بھی پیپلز پارٹی میں کوئی امیدوار کھڑا نہ ہوا، پیپلز پارٹی میں جب انٹرا پارٹی الیکشن کرائے تو بلامقابلہ ہوئے، کوئی بلاول ،آصف زرداری کے سامنے کھڑا نہ ہوا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا مان لیتے ہیں انٹرا پارٹی انتخابات میں خرابیاں ہوئیں لیکن یہ کون ہوتے ہیں فیصلہ دینے والے، مخصوص نشستیں چھین لی گئیں،کیا الیکشن کمیشن ہیڈماسٹر ہے، کیا الیکشن کمیشن مانیٹر کرے گا کون صدر، جنرل سیکرٹری یا عہدیدار ہو گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا پیپلزپارٹی ،ن لیگ بھی ایسے ہی انتخابات کراتی رہی ہیں۔

ادھر پی ٹی آئی رہنما بابر اعون نے کہا بلا چھین لیا اور پچ اکھاڑ دی گئی لیکن میدان نہیں چھوڑیں گے،کسی صورت الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے،نوازشریف پہلے بھی 2چیفس سے لڑائی کرکے جاچکے ، نوازشریف کو لانے سے اب کوئی استحکام نہیں آئے گا،بابر اعوان نے کہاایسے الیکشن ہوئے تو 2 ماہ بھی حکومت نہیں چل سکے گی،مرد میدان ہیں، چاہتے ہیں وکٹ بھی ہو پچ بھی اور مخالف بھی،وکٹ اٹھا کے لوگ بھاگ گئے، اب کہتے ہیں خالی ہاتھ لڑیں،الیکشن سے نہیں نکلیں گے۔

مزید برآں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی اپیل دائر کریںگے، پی ٹی آئی 3روز میں اپنے امیدوار کی انتخابی نشانات کیساتھ لسٹ جاری کرے گی، عمران خان کا ووٹرز کو پیغام ہے گھبرانا نہیں اپنے ووٹ کی حفاظت کرنی ہے،بیرسٹر گوہر نے کہاپینڈنگ سیٹیں جلدی فائنل ہو جائیں گی، سپریم کورٹ کے ”بلے“ کے فیصلے سے 25کروڑ عوام کے بنیادی حقوق متاثر ،جمہوریت کیخلاف سازش کامیاب ہوئی ،کرپشن کی ایک ابتدا ہو گی، کسی صورت الیکشن سے بائیکاٹ نہیں کرینگے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی ہر صورت دائر کرنی ہے،آئین کے تحت کیا کسی پارٹی سے نشان واپس لیا جا سکتا ہے یا نہیں، قانون کے تحت کیس3رکنی نہیں 5رکنی بنچ کو سننا چاہیے تھا، 8فروری کو جیت ہو گی پر امن رہنا ہے۔

شعیب شاہین نے کہا جلد سب کی ضمانتیں ضبط ہوں گی، لندن پلان کا عوام پوسٹ مارٹم کریں گے،مریم نواز کا اوکاڑہ کا جلسہ ناکام ترین جلسوں کے ریکارڈ توڑ گیا، پوری قوم کو پتہ ہے پی ٹی آئی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی،جلد حق و سچ کی جیت ہوگی، بھاری اکثریت سے حکومت بنائیں گے۔