اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر کے گھر پر چھاپہ، بیٹے ،بھتیجے پر تشدد،چیف جسٹس کانوٹس، آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کرلی،چھاپے کی اطلاع کے وقت بیرسٹر گوہر سپریم کورٹ کی لائیو سماعت میں دلائل پیش کررہے تھے۔
بیرسٹر گوہر نے روسٹرم پر آکر کہا جناب چیف جسٹس میرے گھر پر حملہ کرکے فیملی پر تشدد کیا گیا ،4 ڈالے آئے ، کمپیوٹر ،دستاویزات لےکر چلے گئے، بیٹے،بھتیجے کو مار ا گیا،بیرسٹر علی ظفر نے کہا مشکل وقت ہے آپ چلے جائیں، چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے کہا جو ہوا ایسا نہیں ہونا چاہیے ،ابھی معاملے کو طے کریں،ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے کہا میں ابھی جاکر دیکھتا ہوں، بعدازاں بیرسٹر گوہر ہنگامی طور پر عدالت سے اپنے گھر گئے۔
جائزہ لینے کے بعد بیرسٹر گوہر دوبارہ عدالت پہنچے اور چیف جسٹس کو بتایا میرے اسلام آباد ایف سیون ٹو والے گھر پر ریڈ کی گئی ،بیٹے ،بھتیجے کو مارا گیا ،گھر کے دروازے ،کھڑکیاں توڑ دی گئیں، میرے لیپ ٹاپ ،کمپیوٹر لے گئے، مائی لارڈ 4ڈالوں میں لوگ گھر تک پہنچے۔
چیف جسٹس نے آئی جی اسلام آباد سے فوری رپورٹ طلب کرلی،وقفے کے بعدپی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کیس کی سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا تو چیف جسٹس نے کہاآئی جی کو بھیجا تھا،وکیل پی ٹی آئی علی ظفر نے کہا یہ تو اچھی بات ہے،چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا آئی جی اسلام آباد عدالت میں موجود ہیں؟۔
علی ظفر نے کہاآئی جی اسلام آباد آئے تھے شاید باہر گئے ہیں آجائیں گے،بعد ازاں چیف جسٹس نے آئی جی سے استفسار کیا پولیس بیرسٹر کے گھر کیوں گئی ؟،آئی جی نے جواب دیا پولیس کو اطلاع ملی اشتہاری ملزم وہاں گئے ہیں لیکن جب علم ہوا گھربیرسٹر گوہر کا ہے توپولیس پارٹی واپس چلی گئی،چیف جسٹس نے حکم دیا آپ تحریری رپورٹ داخل کریں ،سنجیدہ معاملہ ہے ،آپ بیرسٹر گوہر کے گھر خود جائیں۔
دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی نے کہاگھر پر کوئی حملہ ہوانہ توڑ پھوڑ کی گئی ،،بیرسٹر گوہر کی شکایت حل کریں گے، علم نہیں تھا گھر بیرسٹر گوہر کا ہے،ادھر ترجمان پولیس نے کہاپولیس اطلاع پر اشتہاریوں کی تلاش میں گھر پہنچی، پہنچنے پر معلوم ہوا گھر بیرسٹر گوہر کا ہے اور پولیس واپس آگئی، کسی قسم کا تشدد کیا گیا نہ ہی کوئی دستاویزات اٹھائی گئیں ،معمول کی کارروائی تھی،پولیس ترجمان نے مزید کہاآئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر کی ہدایت پر ڈی پی او سٹی بیرسٹر گوہر کے گھر گئے اور معلومات حاصل کیں،قانون سب کےلئے برابر ہے ،کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جائےگی، پولیس افسر قصور ہوا توکارروائی کرینگے۔
بیرسٹر گوہر کے گھر پر چھاپہ،توڑ پھوڑ، بیٹے ،بھتیجے پر تشدد،چیف جسٹس کانوٹس
















