خیبر پختونخواہ میں امن قائم کر کے ترقی و خوشحالی کے دروازے کھولیں گے:سراج الحق

لاہور (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں نے ضم شدہ قبائلی علاقوں کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے، معدنیات، سیاحت اور باصلاحیت نوجوانوں کی نعمت سے مالامال صوبہ میں چاروں طرف غربت ناچ رہی ہے، خیبرپختونخوا کو سی پیک میں حصہ ملا نہ ہی سیلاب اور دہشت گردی سے شدید متاثر عوام کو کوئی ریلیف دیا گیا۔ دیر، چترال ایکسپریس لائن اور انڈسٹریل سٹی بنانے کی باتیں کاغذوں تک محدود رہیں۔ سابقہ حکومتوں نے کے پی کو محروم رکھا، مرکز نے صوبے سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر کے پی کے وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرے گی، امن قائم کر کے خوشحالی اور ترقی کے دروازے کھولیں گے۔ بطور سابق فنانس منسٹر صوبے کو قرض فری بنایا، عوامی خدمت کی مثالیں قائم کیں۔ سیلاب کے دوران جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکنان کے پی میں فلاحی سرگرمیوں میں مصروف رہے جس کی عالمی سطح پر تحسین ہوئی۔ عوام 8فروری کو ”ترازو“ پر مہر لگا کر پرامن ترقی یافتہ خیبرپختونخوا اور اسلامی فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھیں۔ الیکشن قوم کیلئے اپنی حالت بدلنے کا بہترین موقع ہے، جماعت اسلامی صاف،شفاف اور شیڈول کے مطابق الیکشن چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیرپائن کی تحصیل خال میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیدوار صوبائی اسمبلی صاحبزادہ یعقوب اور رہنما جماعت اسلامی مولانا اسد اللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔