لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا ماتحت عملہ ڈاکوﺅں اور چوروں کے آگے بے بس،تھانوں میں تعینات کئے جانیوالے سفارشی ایس ایچ اوز بڑھتی ہوئی وارداتوں کو روکنے کے بجائے اپنی تجوریاں بھرنے پر زور دینے لگے،لاہوریئے عدم تحفظ کا شکار،شہریوں کا وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے سربراہان سے بڑھتے ہوئے جرائم کو کنٹرول کرنے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے نرم رویہ کے باعث ان کا ماتحت عملہ منہ زور ہو چکا ہے اور تھانوں میں اپنی درخواستیں لیکر آنیوالے سائلین کیساتھ بدتمیزی سے پیش آنا بھی سینئر ہاﺅس آفیسران نے اپنا وتیرہ بنا لیا ہوا ہے جبکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے پولیس جوانوں نے مبینہ طور پر اپنی جیبیں بھرنے کیلئے جرائم میں ملوث افراد کی پشت پناہی بھی کرنا شروع کر رکھی ہے جس وجہ سے پنجاب بھر میں چوروں اور ڈاکووں کو شہریوں کو لوٹنے کی کھلی چھوٹ ہے۔گزشتہ روز بھی صوبائی دارالحکومت میں چوروں اور ڈاکووں نے بیشتر افراد کو لوٹ لیا اور فرار ہو گئے جبکہ پولیس لٹ جانے والے افراد کو طفل تسلیاں دینے میں مصروف نظر آتی رہی۔چور مصطفی ٹاون کے علاقے میں ملک طارق کے گھر کے تالے توڑ کر 5 تولے سونا 60 ہزار نقدی اور الیکٹرانکس کا سامان کے اڑے،ہنجروال کے علاقے میں ڈاکو گن پوائنٹ پر احمد رضا کے اہل خانہ سے 2 لاکھ روپے اور 3 موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے،مزنگ کے علاقے میں ڈاکو ساجد خان سے 1 لاکھ روپے اور موبائل فون ،نولکھا کے علاقے میں ڈاکو عظیم سے گن پوائنٹ پر 70 ہزار روپے اور موبائل فون ،ساندہ کے علاقے میں ڈاکو ساحر سے 40 ہزار روپے اور موبائل فون ،سمن آباد کے علاقے میں ڈاکو اقبال سے اسلحہ کے زور پر 29 ہزار روپے اور موبائل فون،وحدت کالونی کے علاقے میں ڈاکو حاذق سے 10 ہزار روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے جبکہ گلشن راوی سے کار، اقبال ٹاون،مصری شاہ،شفیق آباد،باٹا پور ،سندر،شیراکوٹ اور برکی سے موٹر سائیکلیں چوری ہو گئیں۔شہری ان بڑھتی ہوئی وارداتوں پر سراپا احتجاج ہیں اور انہوں نے ارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔پی آر او¿ سید مبشر سے موقف کیلئے رابطہ کیا گیا مگر رابطہ نہ ہو سکا اگر یہ اپنا موقف دینا چاہیں تو ادارہ اسے من وعن شائع کریگا۔
آئی جی پنجاب کا ماتحت عملہ شہریوں کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام
















