جسٹس اعجاز الاحسن بھی مستعفی،مظاہر نقوی کو صفائی کا ایک اور موقع ،معاملہ ہوا میں نہیں چھوڑ سکتے،سپریم جوڈیشل کونسل

اسلام آباد، لاہور: (بیورو رپورٹ) جسٹس مظاہر نقوی کے بعد سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس اعجاز الاحسن نے بھی استعفیٰ دےدیا۔ ذرائع کے مطابق جسٹس اعجاز الاحسن نے تحریری استعفیٰ صدر مملکت عارف علوی کو بھجوا دیا تاہم متن سامنے نہیں آیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن سپریم کورٹ کی سنیارٹی میں تیسرے سینئر ترین جج اور موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ کے بعد رواں سال اکتوبر میں ملک کا آئندہ چیف جسٹس بننا تھا، انکی ریٹائرمنٹ اگست 2025 میں ہونا تھی، اب جسٹس منصور علی شاہ آئندہ چیف جسٹس ہوں گے۔

دوسری طرف جوڈیشل کمیشن، سپریم جوڈیشل کونسل میں بھی اہم تبدیلیاں کردی گئیں، جسٹس منصور علی شاہ سپریم جوڈیشل کونسل اور جسٹس یحییٰ آفریدی جوڈیشل کمیشن کے رکن بن گئے، استعفے سے قبل جسٹس اعجاز الاحسن نے جسٹس مظاہر نقوی کےخلاف ہونےوالی سپریم جوڈیشل کونسل اجلاس کی کارروائی میں بطور ممبر شرکت سے انکار کیا اور سپریم جوڈیشل کونسل سے الگ ہوگئے تھے۔ واضح رہے جسٹس اعجازالاحسن نے 2 روز قبل مظاہر نقوی کےخلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی سے اختلاف کیا تھا۔

دوسری جانب سپریم جوڈیشل کونسل نے سابق جج جسٹس (ر) مظاہر نقوی کےخلاف کارروائی جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مظاہر نقوی کو صفائی کا ایک اور موقع دیتے ہوئے آگاہی نوٹس جاری کردیا۔ سپریم جوڈیشل کونسل نے کہامظاہر نقوی چاہیں تو پیش ہوکر اپنا مو¿قف دے سکتے ہیں،مظاہر نقوی کے وکلا نے وقت مانگا تو شکایت گزاروں کو سنا جائیگا۔ کونسل کی کارروائی آج بھی جاری رہے گی۔

قبل ازیں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سابق جج مظاہر علی اکبر نقوی کےخلاف کارروائی کے معاملے پر سپریم کورٹ جوڈیشل کونسل کا اجلاس ہوا،اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے سید مظاہر علی اکبر نقوی کا استعفیٰ پڑھ کر سنایا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیاکیا جسٹس مظاہر نقوی صاحب کے وکیل خواجہ حارث یا جونیئر موجود ہیں؟ تاہم جسٹس مظاہر نقوی کی جانب سے کوئی کونسل میں پیش نہیں ہوا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے اٹارنی جنرل سے کہا استعفیٰ آئین کی جس شق کے تحت دیا گیا وہ پڑھ دیں، اٹارنی جنرل نے آرٹیکل 179 پڑھ کر سنایا،جسٹس قاضی فائز نے کہامعاونت درکار ہے اب ریفرنس پر کارروائی آگے چلے گی یا نہیں،جج کا استعفیٰ آخری مرحلے پر دوسرے شوکاز نوٹس کے بعد آیا، جج کے استعفے کی 2صورتیں ہوسکتی ہیں، شکایات جھوٹی تھیں یا پریشر میں آکر استعفیٰ دیا، دوسری صورت میں جج کےخلاف الزامات درست سامنا نہیں کرنا چاہتے تھے، جج کی برطرفی کا سوال اب غیر متعلقہ ہوچکا ، ابھی تک کونسل نے صدر مملکت کو صرف رپورٹ بھیجی تھی اگر الزامات ثابت ہوجاتے تو کونسل صدر مملکت کو جج کی برطرفی کےلئے لکھتی، صورتحال پر اٹارنی جنرل کی کیا رائے ہے۔

چیف جسٹس نے کہاکونسل نے اب کوئی نہ کوئی فائنڈنگ تو دینی ہے، کوئی جج سپریم کورٹ کی ساکھ تباہ کرکے استعفیٰ دے جائے تو کیا ہمیں خطرہ نہیں ہوگا؟ اپنی تباہ ساکھ کی سرجری کیسے کریں گے؟ کیا آئین کی دستاویز صرف ججز یا بیوروکریسی کےلئے ہے؟ آئین عوام کےلئے ہے،اٹارنی جنرل نے کہا عوامی اعتماد کا شفافیت سے براہ راست تعلق ہے، کونسل کے سامنے سوال ہے جج کے استعفے کی کارروائی پر اثر کیا ہوگا، جج ہٹانے کاطریقہ کار رولز آف پروسیجر 2005 میں درج ہے، سپریم کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے جون 2023 میں فیصلہ دیا جج ریٹائر ہوجائے تو کارروائی نہیں ہوسکتی، کیس میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کےخلاف شکایتی معلومات سپریم جوڈیشل کونسل کوبھیجی گئیں، کونسل میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے شکایت پر کارروائی نہیں کی، ثاقب نثار کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر آئینی درخواست2020 میں دائر ہوئی اور فیصلہ 2023 میں ہوا،چیف جسٹس نے کہاثاقب نثار کے معاملے میں تو کارروائی شروع نہیں ہوئی تھی جبکہ اب ہوچکی، اس کا مطلب یہ نہیں سپریم جوڈیشل کونسل رائے نہیں دے سکتی، کونسل میں سے جج کا کوئی دوست کارروائی کے آخری دن بتادے برطرف کرنے لگے ہیں اور وہ استعفیٰ دے جائے تو کیا ہوگا؟۔

اٹارنی جنرل نے کہا کارروائی کے دوران جج کا استعفیٰ دے جانا اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے،سپریم جوڈیشل کونسل کے اعلامیے کے مطابق اٹارنی جنرل نے بتایا سپریم جوڈیشل کونسل نے کارروائی شروع کردی تو رائے دینا ہوگی، جج کا استعفیٰ کونسل کو رائے دینے سے نہیں روکتا، اٹارنی جنرل نے کہا موجودہ کیس میں کونسل نے بار بار شوکاز کرکے موقع دیا، ممکن ہے کارروائی کی وجہ سے جج دباو میں ہو،شکایات غلط ہوں، اٹارنی جنرل نے کہا پبلک کا وقت اور پیسہ کونسل کی کارروائی پر لگ چکا، ہرادارے کی طاقت شفافیت ،خوداحتسابی پر منحصر ہے۔

چیف جسٹس نے کہااپنی خدمت نہیں ،آئینی ذمہ داری ادا کرنے کےلئے بیٹھے ہیں، سپریم کورٹ سمیت سب ادارے عوام کو جوابدہ ہیں اگر چیز سب سیکھ لیں تو سارے مسئلے حل ہو جائیں گے، سوشل میڈیا اور میڈیا پر شور تھا کیا ہم اتنے برے ہیں؟ سپریم کورٹ کی ساکھ بھی تو خطرے میں پڑی،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا جج نے استعفے میں لکھا پبلک میں معاملات کی بنا پرکام جاری نہیں رکھ سکتے، استعفے سے تاثر ملتا ہے جیسے جج کو انصاف کی توقع نہیں تھی یا کوئی ڈریکونین سسٹم چل رہا ہے، معاملے کو دیکھنا ہوگا، معاملہ ہوا میں نہیں چھوڑ سکتے۔

دریں اثنا صدر مملکت عارف علوی نے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کا استعفیٰ منظورکرلیا، ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کا استعفیٰ وزیر اعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 179 کے تحت منظور کیا۔

ادھر جسٹس مظاہر نقوی کےخلاف شکایت کنندہ میاں داود ایڈووکیٹ نے جج کے استعفے کےخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کر دیا،میاں داو¿د ایڈووکیٹ نے کہامظاہر نقوی کا استعفیٰ پوری قوم اور وکلا کی جیت ہے تاہم ابھی منزل باقی ہے۔