صدر عارف علوی نے سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کا استعفیٰ منظور کرلیا

اسلام آباد (مشرق نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایات پر کارروائی کا سامنا کرنے والے سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کا استعفیٰ منظور کر لیا۔ گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج جسٹس مظاہر اکبر علی نقوی عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے ، جسٹس مظاہر علی نقوی نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوایا تھا۔

جسٹس مظاہر نے اپنے استعفے میں موقف اختیار کیا تھا کہ میرے لئے پہلے لاہور ہائیکورٹ اور پھر سپریم کورٹ کے جج کے فرائض انجام دینا قابل فخرہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات جن کا عوام کو علم ہے اور کچھ حد تک ریکارڈ پر موجود ہیں، میرے لئے ممکن نہیں ہے کہ میں سپریم کورٹ کے جج کے طور پر فرائض نبھاتا رہوں، قانونی کارروائی کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی ایسا ہی کرنا چاہیے لہٰذا میں بطور سپریم کورٹ کے جج آج مستعفی ہوتا ہوں۔