الیکشن کمیشن کافیصلہ کالعدم،ٹیم کو” بلا“واپس،کپتان سکواڈ سے آﺅٹ

پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی ،لاہور(بیورو رپورٹ) الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم، پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کا انتخابی نشان ”بلا“ بحال کردیا۔

جسٹس اعجاز انور اور جسٹس سید ارشد علی نے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔ قاضی جواد ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا میرے موکل نے پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر سے معلومات لینا چاہیں مگرنہیں ملیں، میڈیا سے انٹرا پارٹی انتخابات کا پتہ چلا، درخواست کی انتخابات کالعدم قرار دیئے جائیں، میرے موکل حصہ لینا چاہتے تھے مگر موقع نہیں دیا گیا۔

جسٹس اعجاز انور نے سوال کیا آپ نے یہ نہیں کہا انٹرا پارٹی الیکشن دوبارہ کرائے جائیں؟ الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دیئے تو چاہیے تھا دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کرتے، آپ اگر پارٹی سے تھے تو انتخابینشان واپس لینے پر اعتراض کرنا چاہیے تھا،وکیل قاضی جواد نے کہا انتخابات میں موقع نہ دینے پرالیکشن کمیشن گئے، جسٹس اعجاز انور نے کہا پشاور میں پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات ہوئے جو الیکشن کمیشن نے کالعدم قرار دیئے، پشاور ہائی کورٹ کو پٹیشن سننے کا اختیار کیسے نہیں ؟۔

قاضی جواد ایڈووکیٹ نے کہا دائرہ اختیار کا سوال انتہائی اہم ہے، عدالتوں کے مختلف فیصلوں میں ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار کا تعین ہوا ، پی ٹی آئی تو لاہور ہائی کورٹ بھی گئی،درخواست خارج ہوئی،جسٹس اعجاز انور نے کہا لاہور ہائی کورٹ نے لکھا پشاور ہائی کورٹ ، سپریم کورٹ میں کیس زیر سماعت ہے، پشاور ہائی کورٹ کو فیصلہ کرنے دیں،جسٹس ارشد علی نے سوال کیا ایک مرتبہ شیڈول جاری ہو پھر کیسے انتخابی نشان کا فیصلہ ہو سکتا ہے، کیا سیاسی جماعت بغیر انتخابی نشان کے الیکشن لڑ سکتی ہے؟،وکیل شکایت کنندہ نے دلائل میں کہا پی ٹی آئی لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کررہی ہے تو اپنے کارکنوں کو بھی فراہم کرے،پارٹی کارکنوں کو پتہ نہیں تھا الیکشن کہاں پر ہیں پھر ایک بلبلہ اٹھا اور انٹرا پارٹی الیکشن ہوا۔

جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیئے پھر وہ بلبلہ بھی پھٹ گیا، کبھی کوئی تو کبھی کوئی لاڈلہ بن جاتا ہے، سیاسی باتیں نہ کریں قانونی نقطے پر آ جائیں، آپ بھی کہہ رہے ہیں انٹراپارٹی الیکشن ٹھیک نہیں ہوئے، نشان واپس لینا ٹھیک ہے،وکیل نے کہا جو پارٹی قانون کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کراسکتی تو کیوں سپورٹ کروں؟ انتخابی نشان بدلتے رہتے ہیں، ہر الیکشن کےلئے نیا نشان بھی دیا جاسکتا ہے۔

چارسدہ سے فریق جہانگیر کے وکیل نوید اختر نے دلائل میں کہا میرا موکل ضلعی صدر رہ چکا ایک بیان پر جہانگیر کو پارٹی سے فارغ کردیا گیا، آئین کے مطابق عہدیداروں کو منتخب نہیں کیا گیا جو لازمی ہے، عہدیداروں کی اپڈیٹ ڈ فہرست الیکشن کمیشن کو دینی ہوتی ہے، انتخابی نشان بھی سیاسی پارٹی کو کریڈیبلٹی کے مطابق دیا جاتا ہے، پارٹی آئین ،ووٹر کے تحفظ کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

وکیل طارق آفریدی نے دلائل دیتے ہوئے کہا عدالتی دائرہ اختیارپر بات کروں گا یہ درخواست عدالت سن سکتی ہے یا نہیں،عدالت نے جواب دیا آپ سے پہلے وکیل صاحب نے بھی دائرہ اختیار پر ایک گھنٹہ دلائل دیئے، انہوں نے پوائنٹس اٹھائے ہیں ان کے علاوہ کوئی ہے تو بتائیں،وکیل طارق آفریدی نے کہا آئین کے آرٹیکل 192 کے تحت الیکشن کمیشن وفاقی ادارہ ہے، معاملات اسلام آباد ہائی کورٹ میں سنے جا سکتے ہیں، پشاور ہائی کورٹ کا معاملے پر دائرہ اختیار نہیں بنتا۔

پشاور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بنچ نے درخواست گزاروں، الیکشن کمیشن ،پی ٹی آئی وکلاکے دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کا انتخابی نشان ”بلا“بحال کر دیا،پشاور ہائیکورٹ نے مختصر فیصلے میں کہاالیکشن کمیشن کا 22 دسمبر کا فیصلہ غیر آئینی ہے، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کا سرٹیفکیٹ ویب سائٹ پر جاری کیا جائے ،پی ٹی آئی سیاسی جماعت اور بلے کی حقدار ہے، انتخابی نشان دیا جائے۔

فیصلے کے بعد بیرسٹر علی ظفر نے کہا الیکشن کمیشن نے غیرقانونی آرڈر سے انتخابی نشان چھینا تھا، پشاورہائیکورٹ نے قانون کے مطابق فیصلہ دیا،پی ٹی آئی کو الیکشن جیتنے سے اب کوئی نہیں روک سکتا۔

ادھر اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا”بلا“ پاکستان کے عوام کی ترجمانی کا نشان ہے مگر الیکشن کمیشن نے ناجائز طور پر روک لیا تھا،پشاور ہائیکورٹ نے تاریخی فیصلہ دیا،نشان بحال نہ ہوتا تو227ریزرو سیٹیں چلی جاتیں اور تقریباً860 جنرل سیٹوں کے امیدوار بھی آزاد ہوجاتے،2تہائی کی اکثریت سے فتح اب کوئی نہیں روک سکتا۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہابانی پی ٹی آئی سے تفصیلی ملاقات ہوئی،انتخابات کیلئے امیدوار فائنل کرلیے،حتمی مشاورت کے بعد اعلان کردیں گے،پیسوں کے لین دین کی بات درست نہیں، سائفر کیس حکم امتناع ختم ہو رہا ہے، امید ہے ہائی کورٹ کوئی اچھا فیصلہ دے گی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کوانتخابی نشان کی الاٹمنٹ کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے جمعرات کواہم اجلاس بلا لیا،اجلاس الیکشن کمیشن کے سیکرٹریٹ میں ہوگا،چاروں اراکین اور سپیشل سیکرٹریز شرکت کریں گے، ذرائع کے مطابق قانونی ٹیم مختلف آپشنز پربریفنگ دے گی، الیکشن کمیشن پشاورہائیکورٹ کے حکم کےخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر غور کرے گا۔

علاوہ ازیں سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان عام انتخابات کی دوڑ سے مکمل آﺅٹ ہوگئے، لاہور، میانوالی سے کاغذات مسترد ہونے کےخلاف اپیلیں خارج، یاسمین راشد، مسرت چیمہ، جمشید اقبال، عالمگیر خان، صدر علوی کے بیٹے،خواجہ سرا نایاب ودیگر امیدوار الیکشن کیلئے اہل، شہباز، نواز، مریم کے کاغذات بھی درست، کئی امیدواروں نے اپیلٹ ٹریبونلز کے فیصلوں کےخلاف ہائیکورٹ کے لارجر بنچ میں اپیلیں دائر کردیں۔

جسٹس طارق ندیم نے فیصلہ سناتے ہوئے این اے 122 میںریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے عمران خان کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں دی۔ میانوالی کی نشست پر الیکشن ٹربیونل کے جج چودھری عبدالعزیز نے محفوظ فیصلہ سنا تے ہوئے تمام اعتراضات درست قرار دیدئیے۔ ٹربیونل نے کہا عمران خان توشہ خانہ کیس میں سزا یافتہ ہیں، الیکشن نہیں لڑسکتے، سزا کم ہو یا زیادہ، سزا سزا ہی ہوتی ہے ضمانت ہوئی لیکن سزا برقرار ہے، جب تک سزا برقرار ہے الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے۔ عمیر نیازی ایڈووکیٹ نے کہا فیصلے کو ہائیکورٹ لارجر بنچ میں چیلنج کریں گے۔

ادھر لاہور ہائیکورٹ کے انتخابی ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کی اپیل منظور کرکے این اے 130 سے نوازشریف کے مدمقابل الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔ اعظم خان نیازی، علی امتیاز وڑائچ ، میاں محمود الرشید کی اپیلیں بھی منظور ہوگئیں۔

کراچی میں الیکشن ٹریبونل نے پی ایس 61 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار و سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کے کاغذات منظوری کیخلاف اپیل واپس لینے پر نمٹا دی۔ سندھ ہائیکورٹ نے این اے 241 سے پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان، عواب علوی اور مزمل اسلم کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کیخلاف درخواستیں مسترد کردیں، عدالت نے تینوں امیدواروں کو الیکشن میں شرکت کی اجازت دیدی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن ٹریبونل نے اسلام آباد کی نشست پر خواجہ سرا نایاب علی کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کےخلاف دائر اپیل خارج کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کا نایاب علی کے کاغذات منظوری کا فیصلہ برقرار رکھا اور الیکشن کےلئے اہل قرار دے دیا،گوجر خان کے سابق ایم پی اے شوکت بھٹی الیکشن لڑنے کے اہل ہوگئے، راولپنڈی میں الیکشن ٹربیونل جج جسٹس مرزا وقاص روف نے پی پی 9 گوجر خان سے الیکشن لڑنے کی اجازت دےدی۔

لاہور ہائی کورٹ کے ایپلٹ ٹربیونل نے پرویز ،مونس الٰہی کے 4حلقوں سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کےخلاف اپیلیں اپیل خارج کردیں،سابق وزیراعلیٰ کی اہلیہ قیصرہ بھی الیکشن دوڑ سے باہر ہوگئیں،الیکشن ٹربیونلز نے این اے 130سے نواز شریف اور این اے 132سے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیئے ،مریم نواز کے این اے 119سے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کےخلاف اپیل خارج کر دی گئی،الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس احمد ندیم ارشد نے کاغذات نامزدگی درست قرار دیدیئے،جمشید اقبال ،مسرت چیمہ ودیگر کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی۔

پی ٹی آئی رہنماﺅں شاہ محمود قریشی،حماد اظہر،صنم جاوید نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا،درخواستوں میں موقف اختتار کیا گیا ریٹرننگ افسروں ،ٹریبونلز نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کئے، فیصلوں کو معطل کرکے الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے،دوسری جانب امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرستیں آج جاری کی جائیں گی، امیدوار 12 جنوری تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں،الیکشن کمیشن 13 جنوری کو انتخابی نشانات الاٹ کرے گا، سیاسی جماعتیں اور آزاد امیدوار 6 فروری تک انتخابی مہم چلا سکیں گے۔