راولپنڈی،اسلام آباد: (بیورورپورٹ)راولپنڈی پولیس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 9 مئی کے 12 مقدمات میں شامل تفتیش کر لیا،جیل ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں 12 تفتیشی افسروں پر مشتمل ٹیم نے عمران خان سے اڑھائی گھنٹے تک تفتیش کی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کو بانی پی ٹی آئی سے 2 روزہ تفتیش کی اجازت دے رکھی ہے، بانی پی ٹی آئی سے 9 مئی کے 12 مقدمات کی تفتیش کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہے گا
دریں اثنا سابق وزیراعظم عمران خان اوراہلیہ بشریٰ پر غیر شرعی نکاح کیس میں فرد جرم موخر کردی گئی،اسلام آباد کی مقامی عدالت کے سینئر سول جج قدرت نے غیر شرعی نکاح کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کی، عمران خان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ بشریٰ کی جانب سے علالت کے باعث حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔
سابق وزیر اعظم اور بشریٰ بی بی کے وکلا نے سماعت پیر تک ملتوی کرنے کی استدعا کی،درخواست گزار کے وکیل رضوان عباسی کی جانب سے پیر تک سماعت ملتوی کرنے کی مخالفت کی گئی،وکیل رضوان عباسی نے مو¿قف اپنایا غیر شرعی نکاح کیس میں فرد جرم عائد ہونی ہے، فرد جرم عائد کرنے کیلئے جمعرات کی تاریخ رکھ لیں،بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہائی کورٹ میں بھی کیسز ہیں، عدالت پیش ہونا مشکل ہوگا،جج قدرت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت 15 جنوری تک ملتوی کر دی۔
9مئی مقدمات،عمران خان سے اڑھائی گھنٹے تک تفتیش،نکاح کیس میںفردم جرم موخر
















