اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن نے پاک افغان تعلقات میں کشیدگی دور کرنے میں اہم پیش رفت کا اشارہ دےدیا۔
افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا حسن اخوند سے ملاقات میں پاکستان، علماءاور عوام کے جذبات سے آگاہ کر دیا گیا ، دونوں ہمسایہ ممالک کے مفادات ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہیں، تجارت سمیت تمام معاملات کو ساتھ لے کر چلنا اہم ہے،باہمی تعلقات میں جو رکاوٹ ہے اسے بھی دور کرنا ہے،سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کسی ایک مسئلے پر ساری چیزوں کو قربان نہیں کیا جا سکتا،خوش آئند ہے افغان عبوری حکومت پاکستانی اقدامات سمیت یہ چیزیں تسلیم کر رہی ہے، کچھ مسائل ایسے ضرور ہیں جو دونوں ممالک باہمی طور پر بیٹھ کر حل کر سکتے ہیں۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا افغان حکام کےساتھ پاکستان سے غیر قانونی افغانیوں کی واپسی کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی ہے، افغان حکام نے پاکستان سے افغان شہریوں کی واپسی کے طریقہ کار پر اپنے کچھ تحفظات کا اظہار بھی کیا۔
فضل الرحمن نے کہاابھی ملاقاتیںاور مذاکرات چل رہے ہیں، کوئی ایسی بات نہیں کرنا چاہتا کہ اعتماد کی فضا کو نقصان پہنچے،ہم اپنے دورہ کابل سے مطمئن ہیں،ہم پرامید ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات جلد بہتر ہوجائیں گے۔
دریں اثنا افغانستان کے دورے پر گئے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی طالبان کے امیر ہیبت اللہ اخوند زادہ سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امورزیر غور آئے، میڈیا رپورٹ کے مطابق طالبان کے امیر اور مولانا فضل الرحمن کی ملاقات کی افغان حکام نے تصدیق کردی ،افغان حکام نے افغانستان میں ملاقات کے مقام اور شرکاءسے متعلق نہیں بتایا۔
کشیدگی دور کرنے میں اہم پیشرفت ،پاک افغان تلخیاں جلد دور ہوں گی،فضل الرحمن
















