ڈیلی ویجز اساتذہ مستقل ،دہشتگرد وں کیخلاف جنگ میں تیزی لائیں گے:وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر جبری گمشدگیوں پر بنائی گئی کابینہ کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری دےدی، وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا،اجلاس کے آغاز میں باجوڑ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت اور اس کے نتیجے میں شہید ہونےوالے پولیس اہلکاروں کےلئے فاتحہ خوانی کی گئی، کابینہ نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ریاست شہداءکی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، شہید پولیس اہلکاروں نے ہمارے آنےوالے کل کےلئے اپنا آج قربان کر دیا،ریاست ان کے لواحقین کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ان کی فلاح و بہبود کا ہر ممکن خیال رکھا جائےگا،دہشت گرد جس قدر بزدلانہ کارروائیاں کریں گے ان کےخلاف ریاست کے رد عمل میں اتنی ہی شدت آئےگی، دہشت گرد 24 کروڑ لوگوں کے عزم کو ہرا نہیں سکتے۔

وزیراعظم نے اعادہ کیا پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے تک انسداد پولیو مشن بھرپور طریقے سے جاری رہے گا، وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کےلئے حکومتی کوششوں میں افواج پاکستان، پولیس، پولیو ورکرز اور دیگر اداروں کے کردار کو سراہا۔

وفاقی کابینہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2018 کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی تعلیمی ڈائریکٹوریٹ کی پیش کردہ سمری اور فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں 227 یومیہ اجرت پر کام کرنے والے اساتذہ کی مستقل بنیادوں پر تعیناتی کی منظوری دےدی، وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر جبری گمشدگیوں پر بنائی گئی کابینہ کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری دےدی،کابینہ کو بتایا گیا سابق نگران وزیر داخلہ سرفراز احمدبگٹی کو اس کمیٹی کی سربراہی سونپی گئی تھی، ان کے استعفیٰ کے بعد وزیراعظم کی منظوری سے کابینہ کمیٹی کی تشکیل نو کی جا رہی ہے، نو تشکیل شدہ کمیٹی کی صدارت وفاقی وزیر قانون و انصاف کریں گے،وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر سپریم کورٹ بلڈنگ کمیٹی کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کےلئے زیر تعمیر نئی عمارت میں کراچی بھر میں مختلف مقامات پر قائم تمام فیڈرل کورٹس اور ٹربیونلز کی منتقلی اور عمارت کے ڈیزائن میں ضروری ترامیم کرنے کی منظوری بھی دےدی۔

دریں اثنا نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے عالمی ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا صحت کے اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنا ہو گا،دنیا بھر میں صحت کے مسائل کا حل ضروری ہے، وبائی امراض کے تدارک کےلئے مضبوط اقدامات وقت کی ضرورت ہے،موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، ہیلتھ سسٹم کو وقت کے ساتھ مضبوط بنانا ہو گا، علاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے،مشترکہ تحقیق سے وبائی امراض کے علاج کا طریقہ کار تلاش کرنا ہو گا، نظام صحت کی بہتری کےلئے مانیٹرنگ بہت ضروری ہے،دنیا کو عام انسان کی صحت پرذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔