لاہور:( اپنے رپورٹر سے ) ن لیگ نے 15جنوری سے انتخابی مہم شروع کرنے کااعلان کر دیا ،رانا ثنا نے کہا ہے ملک بھر میں 60 جلسے کیے جائیں گے، نواز شریف 17جنوری سے جلسوںکا آغاز کریں گے ،ن لیگ میں ٹکٹوں کی تقسیم پر کوئی اختلاف نہیں ،صرف چند حلقوں میں مشاورت جاری ہے، آنے والے گھنٹوں میں امیدواروں کی فہرست جاری کردی جائےگی۔
رانا ثنا نے کہا سربراہ حکومت وزیراعظم ہوتے ہیں، صدر کے پاس کوئی اختیار نہیں ہوتا، صدر مملکت کو ہر چیزکےلئے وزیراعظم کی ایڈوائس درکار ہوتی ہے، اس لیے ملک کو ضرورت ہے نواز شریف ایسے عہدے پر ہوں جو آپریشنل ہو اور جس پر بیٹھ کر وہ اس ملک کو بحرانوں سے نجات دلا سکیں، آئی پی پی کےساتھ ایڈجسٹمنٹ کی بات سیٹل ہو چکی ہے جبکہ مسلم لیگ ق کےساتھ گجرات اور بہاولپور میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے ۔
دوسری جانب این اے 127میں انتخابی مہم کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاءتارڑ نے کہا ہے بلاول بھٹو نے کوئی کام نہیں کیا ان سے مقابلہ کیسا؟ مثبت سیاست کرینگے، پنجاب کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا موازنہ بنتا نہیں، مسلم لیگ ن ہر چیلنج پر پورا اترنے کی صلاحیت رکھتی ہے،کچھ لوگ رہتے ساحل سمندر پر ہیں لیکن انہیں ٹینکر مافیا پانی دیتا ہے،لاڈلا جیل میں کبھی سائیکل تو کبھی دیسی مرغی مانگتا ہے اب اسے جیل میں ویڈیو کال کی سہولت دی جاتی ہے مگر الیکشن میں لاڈلے کی دال گلنے والی نہیں۔
15جنوری سے انتخابی مہم شروع ،لاڈلے کی دال گلنے والی نہیں:ن لیگ
















