اسلام آباد: (بیورورپورٹ)اپیل خارج، سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کی سزائے موت کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم سنادیا،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے کیس پرسماعت کی۔
وکیل حامد خان نے دلائل میں کہا پرویزمشرف کی سزا کےخلاف دائر اپیل کرمنل ہے، ہماری درخواست لاہور ہائیکورٹ کی سزا کالعدم کرنے کےخلاف ہے جو آئینی معاملہ ہے، دونوں اپیلوں کو الگ الگ کرکے سنا جائے،چیف جسٹس نے کہا موجودہ کیس میں لاہور ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار اور اپیل 2 الگ معاملات ہیں، پہلے پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر کو سن لیتے ہیں،دوران سماعت وفاقی حکومت نے پرویزمشرف کی سزا کےخلاف اپیل کی مخالفت کی۔
چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان سے استفسار کیا آپ پرویزمشرف کی اپیل کی مخالفت کر رہے ہیں یا حمایت؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاپرویز مشرف اپیل کی مخالفت کر رہے ہیں،سلمان صفدر نے خصوصی عدالت کی سزا کےخلاف اپیل پر دلائل دینا شروع کیے تو چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے پرویز مشرف کے ورثا کی عدم موجودگی میں تو وکیل کونہیں سن سکتے، مفروضوں کی بنیاد پر فیصلے نہیں ہونے چاہئیں، ورثا کے حق کےلئے کوئی دروازہ بند نہیں کرنا چاہتے، عدالت 561 اے کا سہارا کیسے لے سکتی ہے؟ ۔
وکیل سلمان صفدر نے کہا اس عدالت کے اقدام کو سراہتا ہوں لیکن پرویز مشرف کے ورثا پاکستان میں مقیم نہیں ،چیف جسٹس نے وکیل سلمان صفدر سے سوال کیا آپ کے لاہور ہائیکورٹ پر تحفظات کیا ہیں؟ ،سلمان صفدر نے کہا لاہورہائیکورٹ میں مشرف ٹرائل والے جج کے سامنے سپریم کورٹ میں بھی پیش نہیں ہوتا، آپ کے چیمبر میں کچھ گزارشات ضرور کروں گا، چیف جسٹس نے کہا کسی کو چیمبر میں نہیں بلاتے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا آرٹیکل 12 کے تحت مشرف کےساتھ ملوث تمام افراد کےخلاف عدالتی دروازے تو کھلے ہیں، وکیل سلمان صفدر نے کہایمرجنسی کے نفاذ میں پرویز مشرف تنہا ملوث نہیں تھے، تب کے وزیراعظم، وزیر قانون، پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کے ججز بھی ملوث تھے، پرویز مشرف کو سنے بغیر خصوصی عدالت نے سزا دی، ایک شخص کو پورے ملک کے ساتھ ہوئے اقدام پر الگ کر کے سزا دی گئی۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا اگر 1999 کی ایمرجنسی کی تحقیقات ہوتیں تو 3 نومبرکا اقدام نہ ہوتا،سپریم کورٹ نے تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد خصوصی عدالت کا پرویز مشرف کو سزائے موت سنانے کا فیصلہ برقرار رکھا اورلاہور ہائیکورٹ کا سزا معطل کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دےدیا، فیصلے کے مطابق پرویز مشرف کے ورثا کو مطلع کرنے کےلئے ملکی و غیر ملکی رہائشی پتوں پر نوٹس دئیے ،اردو اور انگریزی اخبارات میں اشتہار بھی دیا گیا،متعدد بار کوشش کے باوجود مشرف کے ورثا سے رابطہ نہیں ہو سکا،سزائے موت برقرار رکھنے کے سوا کوئی آپشن نہیں،
پرویز مشرف کی سزائے موت کافیصلہ برقرار رہے گا:سپریم کورٹ
















